اے آئی کمپنی کے سربراہ کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی تھی: ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2026
اے آئی کمپنی کے سربراہ کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی تھی: ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف
اے آئی کمپنی کے سربراہ کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی تھی: ڈونلڈ ٹرمپ کا انکشاف

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق مبینہ سکیورٹی خلاف ورزی کے معاملے میں ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے نامعلوم اعلیٰ عہدیدار کو گرفتاری کی دھمکی دی تھی۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اس شخص کو خبردار کیا تھا کہ وہ گھر جائے اور رات کو اپنی اہلیہ اور بچوں کو الوداعی بوسہ دے لے کیونکہ اگلی صبح اسے جیل جانا پڑ سکتا ہے۔

امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کے پروگرام ’60 منٹس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ مصنوعی ذہانت سے وابستہ ایک کمپنی کچھ غلط کر رہی ہے اور اس سے سنگین خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں انہوں نے خود مداخلت کی اور متعلقہ کمپنی کے ایک بڑے عہدیدار کو سخت پیغام بھجوایا۔

ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اس شخص سے کہا کہ جیل جانے کے لیے تیار ہوجاؤ اور براہ کرم آج رات اپنی اہلیہ کو الوداعی بوسہ دے دو۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ شخص کو گھر جاکر اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی ہدایت دی گئی کیونکہ اگلی صبح اسے گرفتار کیا جاسکتا تھا۔

امریکی صدر کے مطابق اس سخت انتباہ کے بعد متعلقہ شخص نے اپنا رویہ مکمل طور پر تبدیل کرلیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ انصاف اب بھی ٹیکنالوجی سے وابستہ خطرات کی نگرانی کر رہا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے کمپنی یا اس کے عہدیدار کا نام ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی مبینہ خلاف ورزی کی تفصیلات بتائیں۔

چین سے مقابلے میں امریکہ پیچھے نہیں رہ سکتا

گفتگو کے دوران ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے اپنی انتظامیہ کی پالیسی کا بھی دفاع کیا۔ انہوں نے ان محققین کے خدشات کو مسترد کیا جو مصنوعی ذہانت کی وجہ سے انسانیت کو لاحق ممکنہ وجودی خطرات کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی برتری برقرار رکھنی ہوگی اور چین کے مقابلے میں پیچھے رہنے کا خطرہ مول نہیں لیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے مصنوعی ذہانت میں پیش رفت نہیں کی تو چین یہ ٹیکنالوجی حاصل کرلے گا اور اس سے امریکہ کو ناقابل یقین نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس شعبے میں اصل مقابلہ امریکہ اور چین کے درمیان ہے اور کوئی تیسرا ملک اس سطح پر موجود نہیں۔

اے آئی سے انسانیت کو خطرے کے خدشات مبالغہ آمیز قرار

مصنوعی ذہانت کے باعث آئندہ چند برسوں میں انسانیت کے خاتمے جیسے خدشات کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ خطرات اتنے سنگین نظر نہیں آتے جتنا بعض حلقے انہیں پیش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں خطرات کے بارے میں جس شدت سے بات کی جا رہی ہے حقیقت میں صورت حال اتنی سنگین نہیں ہے اور ان خطرات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت پر حفاظتی پابندیوں کے حق میں ٹرمپ

ٹرمپ نے کانگریس میں سیاسی تبدیلیوں کے بعد مصنوعی ذہانت کی حفاظت سے متعلق قوانین بنانے کے معاملے پر ڈیموکریٹ ارکان کے ساتھ تعاون کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں مصنوعی ذہانت پر حفاظتی حدود اور ضابطے عائد کرنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن وہ ایسے اقدامات نہیں چاہتے جن سے امریکہ عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر چلا جائے۔

ٹرمپ کے مطابق چین میں بھی حفاظتی ضابطوں کی بات کی جاتی ہے لیکن وہاں اصل فیصلہ صدر شی جن پنگ کی مرضی سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھی مضبوط ضابطے موجود ہیں لیکن ان کی نوعیت چین جیسی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹ رہنما عموماً مصنوعی ذہانت کی صنعت پر زیادہ سخت نگرانی اور ضابطوں کے حامی رہے ہیں جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اور رضاکارانہ حفاظتی معاہدوں کو بھی اہمیت دی ہے۔ انتظامیہ کے سامنے ایک طرف قومی سلامتی اور مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کا چیلنج ہے تو دوسری طرف اس شعبے میں امریکی صنعتی اور تکنیکی برتری برقرار رکھنے کا ہدف بھی ہے۔