سعودی عرب: روبوٹک سرجری کے ذریعے آپریشنز میں 118 فیصد اضافہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں روبوٹک سرجری کے ذریعے آپریشنز میں 118 فیصد اضافہ
کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں روبوٹک سرجری کے ذریعے آپریشنز میں 118 فیصد اضافہ

 



ریاض: سعودی عرب کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر میں گزشتہ 3 برسوں کے دوران روبوٹک سرجری کے ذریعے کیے جانے والے آپریشنز میں 118 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اسپتال میں روبوٹک سرجری کے ذریعے آپریشنز کی تعداد 2022 میں 771 تھی جو 2025 میں بڑھ کر 1,685 ہوگئی۔

اس اضافے کی اہم وجہ پیچیدہ طبی آپریشنز میں روبوٹک ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔ اس میں اعضا کی پیوند کاری، دل کی سرجری اور دماغی رسولیوں کو نکالنے جیسے پیچیدہ آپریشن شامل ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے زیادہ درستگی کے ساتھ آپریشن کیے جا سکتے ہیں اور جسم کو جراحی کے دوران کم نقصان پہنچتا ہے۔

سال 2025 میں روبوٹک آپریشنز کی تعداد 2024 کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ رہی۔ اس دوران 1,370 آپریشن کیے گئے تھے۔ اسپتال نے 2003 میں روبوٹک سرجری کا آغاز کیا تھا۔ ابتدا میں اس ٹیکنالوجی کو سرجنوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تاہم اب اس کے ذریعے ایسے پیچیدہ آپریشن بھی کیے جا رہے ہیں جن کے لیے پہلے بڑے چیرا لگانے کی ضرورت پڑتی تھی۔

اسپتال نے روبوٹک سرجری کے شعبے میں 3 عالمی اعزاز بھی حاصل کیے ہیں۔ ان میں مکمل روبوٹک طریقے سے جگر کی پیوند کاری، سینہ کھولے بغیر روبوٹک طریقے سے دل کی پیوند کاری اور کھوپڑی کے اندر موجود رسولی کو روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے نکالنا شامل ہے۔

اسپتال کے روبوٹک کارڈیک سرجری پروگرام میں 2019 سے 2024 کے وسط تک کیے گئے 400 آپریشنز میں مریضوں کی بقا کی شرح 98 فیصد رہی۔

اسپتال کی مہارت زندہ عطیہ دہندگان کے اعضا کی پیوند کاری میں بھی نمایاں ہے۔ یہاں اب تک 1,600 سے زائد روبوٹک آپریشنز کے ذریعے عطیہ دہندگان کے جگر کا ایک حصہ نکال کر مریضوں میں پیوند کاری کے لیے استعمال کیا جا چکا ہے۔ یہ تعداد دنیا بھر میں سب سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

سال 2026 میں اسپتال نے سنگل پورٹ روبوٹک ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بعض آپریشنز میں کئی چیروں کے بجائے صرف ایک چھوٹے چیرے سے سرجری ممکن ہوتی ہے۔ سال کے پہلے 9 ماہ میں اس طریقے سے 109 آپریشن کیے گئے جن میں جگر کی پیوند کاری اور زندہ عطیہ دہندگان کے آپریشن بھی شامل ہیں۔ اسی دوران دنیا میں پہلی مرتبہ سنگل پورٹ روبوٹک طریقے سے زندہ عطیہ دہندگان کے جگر کا ایک حصہ نکالنے کے آپریشنز کی ایک سیریز بھی انجام دی گئی۔

اس جدید طریقہ علاج کے نتیجے میں مریضوں کی صحت یابی کا عمل بھی تیز ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گردے عطیہ کرنے والے 96 فیصد افراد کو آپریشن کے 24 گھنٹوں کے اندر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کو 2026 کے لیے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے 250 بہترین تعلیمی طبی مراکز میں پہلا اور عالمی سطح پر 12واں مقام حاصل ہوا ہے۔ برانڈ فنانس نے بھی اسے 2026 میں سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کا سب سے قیمتی طبی برانڈ قرار دیا ہے۔

اسپتال کو نیوز ویک کی 2026 کے بہترین اسپتالوں اور 2027 کے بہترین اسمارٹ اسپتالوں اور خصوصی اسپتالوں کی فہرستوں میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

 

Arab News