پاکستان: بلوچستان میں خود کش دھماکہ، 4ہلاک،35 زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 08-03-2022
پاکستان: بلوچستان میں خود کش دھماکہ، 4ہلاک،35 زخمی
پاکستان: بلوچستان میں خود کش دھماکہ، 4ہلاک،35 زخمی

 

 

 بلوچستان کے ضلع سبی کے جیل روڈ پر خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔

 دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ امدادی اداروں کے رضا کار بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے علاقے میں امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سبی ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔  سبی ڈسٹرکٹ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی لاشیں اور 28 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔

ایس ایس پی جواد کے مطابق جیل روڈ کے قریب ہونے والا دھماکہ خود کش تھا۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جائے دھماکہ سے خود کش بمبار کے اعضاء قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔  صوبائی وزیر احسان شاہ نے بتایا ہے کہ سبی میں ہونے والے دھماکہ کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی بم دھماکہ کی مذمت کی ہے۔  کوئٹہ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاژ کرنے کی کوشش کی۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ محنت کشوں کے روزگار کے خلاف سازش ہے، ترقیاتی عمل کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے یہ بھی کہا کہ عوام کے تعاون سے صوبے کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔