بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے کے سامنے احتجاج، مظاہرین کا کریک ڈاؤن بند کرنے اور گرفتار کشمیری رہنماؤں و نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ
بریڈفورڈ: برطانیہ میں مقیم کشمیری کارکنوں نے پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی مہم تیز کردی ہے۔ انہوں نے مظاہرین پر کارروائیاں بند کرنے اور سکیورٹی فورسز کو جواب دہ بنانے کے ساتھ گرفتار کشمیری رہنماؤں اور نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
جموں و کشمیر نیشنل انڈیپنڈنس الائنس (جے کے این آئی اے) برطانیہ کے چیئرمین محمود کشمیری نے پیر کے روز بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصل خانے میں ایک یادداشت پیش کی۔ اس میں انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے اے اے سی) کی قیادت میں جاری تحریک سے یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے عوام کے خلاف مبینہ جبر و تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب علاقے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ خصوصاً راولاکوٹ میں سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ ان واقعات نے خطے میں انسانی حقوق کی صورت حال پر تشویش مزید بڑھا دی ہے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے محمود کشمیری نے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر پرامن مظاہرین کے خلاف ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کا الزام عائد کیا اور علاقے سے ان کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مظفرآباد میں تعینات انسپکٹر جنرل پولیس اور بریگیڈیئر کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان عہدیداروں کے اقدامات نے عوامی ناراضگی میں مزید اضافہ کیا ہے۔
محمود کشمیری نے سماجی کارکن شوکت نواز میر کی گرفتاری اور ان کے موجودہ مقام کے بارے میں متضاد بیانات پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سکیورٹی فورسز نے انہیں گرفتار کیا اور اس کی ویڈیو بھی موجود ہے لیکن اب وہی فورسز گرفتاری سے انکار کرتے ہوئے انہیں مفرور قرار دے رہی ہیں۔
ان کے بقول یہ سب جھوٹ ہے اور سوشل میڈیا کے اس دور میں حقیقت کو چھپانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوکت نواز میر کو فوری طور پر رہا کیا جائے یا بلا تاخیر عدالت میں پیش کیا جائے۔
انہوں نے دیگر کشمیری نوجوانوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جنہیں مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا ہے یا جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام ان نوجوانوں کے اہل خانہ کو ان کی گرفتاری اور موجودہ مقام کے بارے میں واضح معلومات فراہم کریں۔
برطانیہ میں مقیم کشمیری کارکن گزشتہ پانچ ماہ سے زائد عرصے سے مختلف پاکستانی سفارتی مراکز کے باہر احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔ ان مظاہروں کا مقصد پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور من مانی گرفتاریوں کے ساتھ اختلاف رائے پر عائد پابندیوں کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
گزشتہ کئی ماہ سے اس خطے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت میں مسلسل احتجاجی تحریک جاری ہے۔ مظاہرین کے اہم مطالبات میں سیاسی نمائندگی کا حق، معاشی انصاف، سستی بجلی اور ضروری اشیائے خوردونوش کی فراہمی، علاقائی خودمختاری میں اضافہ، شہری آزادیوں کا تحفظ اور حکام کی مبینہ زیادتیوں کا احتساب شامل ہیں۔
برطانیہ میں ہونے والے تازہ احتجاجی مظاہرے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم کشمیری کارکن پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور وہاں کے عوام کے مطالبات تسلیم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کررہے ہیں۔