صحافی شیریں ابو عاقلہ اسرائیلی فوج کی گولی سے جاں بحق ہوئیں، اقوام متحدہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
صحافی شیریں ابو عاقلہ اسرائیلی فوج کی گولی سے جاں بحق ہوئیں، اقوام متحدہ
صحافی شیریں ابو عاقلہ اسرائیلی فوج کی گولی سے جاں بحق ہوئیں، اقوام متحدہ

 

 

جنیوا: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الجزیرہ ٹی وی سے منسلک فلسطینی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہو ی تھیں-

رپورٹ کے مطابق فلسطینی نژاد امریکی صحافی نے جیکٹ اور ہیلمنٹ پہنا ہوا تھا جس پر 'پریس' لکھا ہوا تھا، وہ 11 مئی کو جنین شہر میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کی کوریج کرتے ہوئے جاں بحق ہو گئی تھیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینا شمداسانی نے جنیوا میں رپورٹرز کو بتایا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آنے والی گولیوں سے شیریں ابو عاقلہ جاں بحق ہوئیں

ان کا کہنا تھا کہ یہ باعث تشویش ہے کہ اسرائیلی حکام نے اس معاملے پر تحقیقات نہیں کیں، ہم نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں اس واقعے کی غیرجانب درانہ نگرانی کی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ شیریں ابو عاقلہ مسلح فلسطنیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں، تاہم اس کے برعکس جن گولیوں سے شیریں ابو عاقلہ جاں بحق اور ان کے ساتھ علی سمودی زخمی ہوئے تھے وہ اسرائیلی فوج نے چلائی تھی۔ روینا شمداسانی کا کہنا تھا کہ یہ معلومات اسرائیلی افواج اور فلسطینی اٹارنی جنرل کی جانب سے آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ جہاں پر صحافی موجود تھے وہاں قریبی علاقے میں مسلح فلسطینی کارروائیاں کر رہے تھے۔

انسانی حقوق کی نگرانی کے مروجہ طریقہ کار کے تحت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے تصاویر، ویڈیو اور آڈیو میٹیریل کا جائزہ لینے کے ساتھ جائے وقوع کا دورہ کیا، ماہرین سے مشاورت کی، سرکاری کمیونیکیشن کا جائزہ اور گواہوں کے انٹرویوز بھی لیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 7 صحافی مغربی راستے سے جنین مہاجرین کیمپ میں 6 بجے کے بعد پہنچے۔ تقریبا ساڑھے 6 بجے 4 صحافیوں نے خاص گلی کی طرف رخ کیا، بظاہر نشانہ لے کر چلائی جانے والی گولیاں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آئیں۔ ایک گولی علی سمودی کے کندھے میں لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے جبکہ دوسری گولی شریں ابو عاقلہ کے سر میں لگی جس سے وہ فوراً ہی جاں بحق ہوگئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی تحقیقات شروع کرے اور اس کے ساتھ ساتھ غزہ میں قانون نافذ کرنے والے آپریشن اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے تمام مارے جانے والے افراد کی تحقیقات کرے۔