اسرائیل کی غزہ پر بمباری۔ ابتک 35 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-05-2021
غزہ میں بمباری کے بعد
غزہ میں بمباری کے بعد

 

 

غزہ :اسرائیل کا غزہ پر مزید قوت کے ساتھ حملے تیز کرنے کا اعلان کیا ہے ،حملوں میں حماس کے 15 کمانڈرز بھی مارے گئے۔فلسطینی صدرمحمودعباس نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے اور عید کی تقریبات منسوخ کردیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کےخلاف اسرائیلی جرائم روکنے کےلیے فوری اقدامات کرے۔

اب تک اسرائیل کی جانب سے تقریباً 130 حملے کیے جاچکے ہیں جن میں شہری آبادی اور ایک اسکول پر حملہ بھی شامل ہیں۔حماس سے وابستہ فلاحی تنظیم الصلاح چیریٹیبل سوسائٹی کے زیر انتظام چلنے والے ایک اسکول کو وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔'عالمی طاقتوں کا امتیازی سلوک اسرائیل کے ریاستی پاگل پن کا ذمہ دار ہے' اس کے علاوہ اسرائیلی فضائی حملوں میں مشرقی غزہ میں ایک پلاسٹک فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ساتھ ہی غزہ کی پٹی اور خان یونس پر لاتعداد گھروں اور اپارٹمنٹس کو اسرائیلی طیاروں نے بمباری کرکے تباہ کیا۔

اسرائیلی آرمی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے حماس کے 130 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جن میں 15 حماس کمانڈرز مارے گئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ کئی عرصے سے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس کیخلاف مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ حماس کی جانب سے گزشتہ روز غزہ سے اسرائیلی علاقے میں راکٹ داغے گئے جس میں اطلاعات کے مطابق دو اسرائیلی ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ اس حملے کے بعد اسرائلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسرائیل بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دےگا اور حملہ کرنے والوں کو اس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی اور پھر اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر بمباری شروع کردی۔ دوسری جانب غزہ کی صورتحال پر اوآئی سی کے مستقل مندوبین کا اجلاس آج ہوگا جس میں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے معاملے پرغور کیا جائے گا۔