داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی ہلاک
داعش کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی ہلاک

 

 

دمشق: عالمی شدت پسند تنظیم داعش نے ابوالحسن الہاشمی القریشی کی ہلاکت کے بعد ابو الحسین الحسینی القریشی کو تنظیم کا نیا سربراہ نامزد کردیا ہے۔

داعش کے ترجمان ابوعمر المہاجر کی جانب سے بدھ کو جاری کیے گئے ایک آڈیو بیان میں کہا گیا کہ تنظیم کے سربراہ ابوالحسن الہاشمی القریشی حال ہی میں ایک لڑائی کے دوران مارے گئے، تاہم اس آڈیو میں القریشی کی موت کے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

یہ ہلاکت اس گروپ کے لیے ایک دھچکا ہے، جسے 2017 میں عراق اور دو سال بعد شام میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ داعش کے ترجمان ابوعمر المہاجر کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب داعش شام اور عراق کے کچھ حصوں میں مہلک حملے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

المہاجر نے کہا: ’وہ اللہ کے دشمنوں سے لڑتے ہوئے ایک مرد کی موت مارے گئے اور مرنے سے قبل کچھ کو قتل بھی کیا۔‘ انہوں نے مزید کہا: ’ابو الحسین الحسینی القریشی کو گروپ کا نیا رہنما نامزد کیا گیا ہے۔ وہ داعش کے تجربہ کار اور وفادار جنگجوؤں میں سے ایک ہیں۔

امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق داعش کا دعویٰ ہے کہ ان سربراہان کا تعلق قریش قبیلے سے ہے اور ’القریشی‘ داعش کے رہنما کے نام کے ایک حصے کے طور پر لکھا جاتا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے داعش سربراہ کی موت پر جاری کیے گئے -

بیان میں کہا: ’ہم ابھی تک کام کر رہے ہیں۔ ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ داعش کا ایک اور لیڈر اب نہیں رہا۔‘ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ الحسن الہاشمی القریشی کو اکتوبر کے وسط میں ہلاک کیا گیا تھا اور یہ کارروائی شام کے جنوبی صوبے درعا میں شامی باغیوں نے کی تھی۔

اسی طرح برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی اکتوبر کے وسط میں اطلاع دی تھی کہ شامی حکومت کے ساتھ مفاہمت کر چکنے والے باغیوں نے صوبہ درعا کے جنوبی گاؤں جاسم میں داعش کے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو ہلاک کیا تھا۔