امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پاگل ہے اور ان کی حکومت واشنگٹن میں ڈرٹی بم حملے کی ممکنہ منصوبہ بندی سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے خطرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بیان امریکی خبر رساں ادارے سی این این کی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے دیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں امریکی حکام کو ڈرٹی بم کے ذریعے نشانہ بنانے کے ممکنہ منصوبے تیار کر رہا ہے۔
سی این این نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران ایسے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن کے تحت اسے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے ذریعے نشانہ بنانے کا اختیار حاصل ہو سکتا ہے۔ تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں سے کسی فوری حملے کا خدشہ ظاہر نہیں ہوتا۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے تاحال سی این این کی اس رپورٹ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی ہے جبکہ ایران نے بھی ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکام تمام ممکنہ خطرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور پوری طرح چوکس ہیں۔ تاہم اس وقت ملک کو کسی فوری خطرے کا سامنا نہیں ہے۔
سی این این کی رپورٹ سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اسے ایسی قیمت چکانی پڑے گی جیسی تاریخ میں کسی ملک نے کبھی ادا نہیں کی ہوگی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال کسی حملے کا فوری خطرہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ ان دنوں فلپائن کے دورے پر ہیں جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کی سالانہ کانفرنس میں مختصر شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ چین کے شہر شینزن میں ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون فورم کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سی این این کی رپورٹ کو بے بنیاد اور من گھڑت ذرائع ابلاغ کا بیانیہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا تھا وہ اب بے بنیاد الزامات گھڑ کر اور انہیں پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کے لیے ذرائع ابلاغ میں فضا ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔