رہا کیے گئے القاعدہ رہنما کی دوبارہ گرفتارکرنے کی پہل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2021
دوبارہ گرفتاری پر انعام
دوبارہ گرفتاری پر انعام

 

 

واشنگٹن: القاعدہ کے جس لیڈر کو امریکہ نے رہا کیا تھا اس کو دوبارہ گرفتاری کے لیے جال بچھانا شروع کردیا گیا ہے۔امریکہ نے سوڈان سے تعلق رکھنے والے القاعدہ کے ایک سینیئر رہنما کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 40 لاکھ ڈالر انعام دینے کی پیش کش کی ہے۔

 امریکہ کے محکمہ خزانہ نے ایک اعلان میں کہا ہے کہ ابراہیم احمد محمود القوسی المعروف شیخ خبیب السوڈانی کی شناخت یا اتا پتا سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر انعام دیا جائے گا۔

 امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان پر لوگوں کو امریکہ پر حملوں پر اکسانے کا الزام ہے۔ وہ اس وقت جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے موجودہ امیر کی معاونت کرنے والی قیادت کا حصہ ہیں اور محمد صلاح کے عرفی نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔

 امریکی محکمہ خارجہ نے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ ’سنہ 2015 سے القوسی جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے بھرتی مواد میں نمودار ہو رہے ہیں اور امریکہ کے خلاف حملوں کی حوصلہ افزائی کے لیے آن لائن پروپیگینڈا کر رہے ہیں۔ انہوں نے 2014 میں القاعدہ کی جزیرہ نماعرب میں شاخ میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن وہ القاعدہ تنظیم میں گذشتہ کئی عشروں سے فعال ہیں اور اسامہ بن لادن کے ساتھ بھی کئی سال تک براہِ راست کام کر چکے ہیں۔‘