نئی دہلی: بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی راستوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے منگل کو بتایا کہ 2 نومبر کو عمان کے ساحل کے قریب ہندوستانی پرچم والے جہاز ’ایم ایس وی الیوسفی‘ پر ایک نامعلوم فضائی شے سے حملہ کیا گیا، جس میں ایک ہندوستانی ملاح کی موت ہوگئی۔ جہاز پر عملے کے 14 ہندوستانی ارکان سوار تھے۔
سونووال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جہاز کے عملے کے 13 ارکان کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور عمان کے کوسٹ گارڈ نے انہیں بچا لیا۔ تاہم، انہیں یہ بتاتے ہوئے گہرا دکھ ہو رہا ہے کہ گجرات کے رہنے والے ملاح گندھار نہیم عزیز نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ انہوں نے اس مشکل گھڑی میں ملاح کے اہل خانہ اور عزیزوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ سونووال نے کہا کہ ان کی وزارت اور عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ مقامی حکام کے رابطے میں ہیں، تاکہ بچائے گئے 13 ملاحوں کو فوری مدد فراہم کی جاسکے اور انہیں جلد ہندوستان واپس لانے کے ساتھ ساتھ ہلاک ہونے والے ملاح کی لاش بھی وطن لانے کا انتظام کیا جاسکے۔
دوسری جانب، وزارت خارجہ نے بھی منگل کو بتایا کہ ’ایم ایس وی الیوسفی‘ نامی جہاز پر 14 ہندوستانی شہری سوار تھے، جن میں سے 13 کو بچا لیا گیا ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ عمان کے علاقے لیماح کے قریب گزشتہ شام تجارتی جہاز پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتی ہے۔ بیان کے مطابق، جہاز پر سوار 14 ہندوستانی شہریوں میں سے 13 کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ایک شہری کی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے افسوس ناک موت ہوگئی۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ مسقط میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بچائے گئے ہندوستانی شہریوں کی جلد وطن واپسی اور ہلاک ہونے والے ملاح کی لاش ہندوستان لانے کے لیے عمانی حکام کے ساتھ رابطہ اور تعاون کر رہا ہے۔ ہندوستان نے خطے میں تجارتی جہازوں پر مسلسل ہو رہے حملوں کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ نے کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اور سفارتی حل کی غرض سے جاری بات چیت مکمل کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں امن اور استحکام بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں تجارتی جہازوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے واقعات بند ہونے چاہئیں اور بین الاقوامی قانون کے مطابق خطے کے بین الاقوامی آبی راستوں سے جہاز رانی اور تجارت کی بلا رکاوٹ آمد و رفت جلد از جلد بحال کی جانی چاہیے۔