تل ابیب: اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ دبئی سے تل ابیب آنے والی فلائی دبئی کی پرواز کے کاک پٹ میں معاون پائلٹ کے حملے کا سامنا کرنے والے ہندوستانی کپتان اسمت مچھر کو اسرائیل کے اعلیٰ ترین شہری بہادری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
صدر ہرزوگ نے جمعرات کو 30 ستمبر 2026 کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں سوار چھ افراد کو ’پریزیڈینشل ایوارڈ فار سویلین ہیرو ازم‘ سے نوازا۔ یروشلم میں واقع صدارتی رہائش گاہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہرزوگ نے کہا، ’’آج ہم اسرائیلی ہیروز کو اعزاز سے نواز رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہم ہندوستان کے کپتان اسمت مچھر کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دل سے دعاگو ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ان کی غیر معمولی ہمت، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے ایک بڑے سانحے کو ٹالنے میں مدد دی۔ ان کی صحت یابی کے بعد اسرائیل کے عوام کی جانب سے انہیں یہ ایوارڈ پیش کرنا میرے لیے اعزاز اور خوش قسمتی کی بات ہوگی۔‘‘ صدارتی دفتر کے مطابق، ’پریزیڈینشل ایوارڈ فار سویلین ہیرو ازم‘ اسرائیل کا اعلیٰ ترین شہری بہادری ایوارڈ ہے۔
یہ اعزاز ان لوگوں کے لیے اسرائیل کے احترام کا اظہار ہے، جنہوں نے دوسروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کے احساس سے متاثر ہو کر اپنی جان خطرے میں ڈالی، غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا اور لوگوں کی جانیں بچائیں۔ صدارتی دفتر نے بتایا کہ طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو روکنے میں کردار ادا کرنے پر تالی مانس، زویکا مانس، یانیو ہیون، شوتا موسایف، اسف راجوآن اور اور پاردیلوف کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔