جدہ: سعودی عرب میں پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہونے کے باعث ہندوستان نے اپنے شہریوں خصوصاً عمرہ زائرین کی مدد کے لیے مکہ مکرمہ میں ایک اضافی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے یہ اطلاع دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جدہ میں پہلے سے قائم 24 گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم بھی بدستور فعال ہے۔خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد فضائی سفر متاثر ہوا ہے۔ کئی فضائی کمپنیوں نے 17 اکتوبر تک سعودی عرب کے لیے اور وہاں سے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ تاہم بعض علاقائی فضائی کمپنیاں مقررہ اوقات کے مطابق محدود پروازیں چلا رہی ہیں۔
ہندوستانی قونصل خانے نے بدھ کو بتایا کہ مکہ مکرمہ میں ہندوستانی حج زائرین کے دفتر میں نیا امدادی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس مرکز کا مقصد پروازوں میں خلل کے باعث مشکلات کا سامنا کرنے والے ہندوستانی شہریوں کی مدد کرنا ہے۔قونصل خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ضرورت مند شہری مکہ کے امدادی مرکز سے فون نمبر +966 553646966 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل قونصل خانے نے خاص طور پر جدہ اور مدینہ منورہ سے سفر کرنے والے زائرین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی فضائی کمپنیوں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور سفر شروع کرنے سے پہلے پروازوں کے اوقات اور صورت حال کی تصدیق کرلیں۔عمرہ اسلام کا ایک اہم مذہبی عمل ہے جسے سال کے کسی بھی وقت ادا کیا جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس حج سال میں ایک مرتبہ مخصوص ایام میں ادا کیا جاتا ہے۔ عمرہ کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے مسلمان مکہ مکرمہ کا سفر کرتے ہیں۔
قونصل خانے نے مسافروں کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پروازوں کی منسوخی۔ تاریخ میں تبدیلی۔ متبادل سفری انتظامات اور ضرورت پڑنے پر رہائش کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنے ٹریول ایجنٹوں۔ ٹور آپریٹروں اور عمرہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔قونصل خانے کے مطابق متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے فضائی کمپنیوں اور علاقائی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سرکاری ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے وقتاً فوقتاً تازہ معلومات فراہم کی جائیں گی۔
جدہ میں 24 گھنٹے امدادی سہولت
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے کے 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم سے فون نمبر +966 12 2614093 اور +966 556122301 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ واٹس ایپ کے ذریعے امداد کے لیے +966 536209704 پر پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ [email protected] پر ای میل بھی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے سعودی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کو علاقائی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور فضائی حملوں کے دوران گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ سفارت خانے نے شہریوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ جاری صورت حال سے متعلق ویڈیوز یا دیگر مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔سفارت خانے کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی خدمات معطل ہیں جبکہ دمام۔ جدہ اور مدینہ منورہ سے چلنے والی پروازیں جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔
سفارت خانے کے بیانات کے مطابق ایئر انڈیا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس۔ اکاسا ایئر اور انڈیگو نے 17 اکتوبر تک سعودی عرب کے لیے اپنی پروازیں روک دی ہیں۔ تاہم سعودی عرب کی علاقائی فضائی کمپنیاں سعودی عریبین ایئرلائنز اور فلائی ناس محدود تعداد میں مقررہ پروازیں چلا رہی ہیں۔حکام نے ایک بار پھر مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے پہلے پروازوں کی تازہ صورت حال معلوم کریں اور فوری مدد کی ضرورت پڑنے پر مکہ مکرمہ اور جدہ میں قائم امدادی مراکز سے رابطہ کریں۔