بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہندوستان پوری طرح پرعزم: جے شنکر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2026
بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہندوستان پوری طرح پرعزم: جے شنکر
بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہندوستان پوری طرح پرعزم: جے شنکر

 



تھمپو: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو تھمپو میں بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے سے ملاقات کی اور کہا کہ ہندوستان بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ جے شنکر دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے بدھ کو دو روزہ سرکاری دورے پر بھوٹان پہنچے تھے۔

ملاقات کے بعد جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’آج تھمپو میں بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے سے ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی۔ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے دلی نیک خواہشات پیش کیں۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہماری دوستی اور تعاون کے بارے میں توبگے کے جذبات کی میں دل سے قدر کرتا ہوں۔ ہندوستان بھوٹان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔‘

‘ اس موقع پر جے شنکر نے بھوٹان کے وزیر اعظم کو ہندوستان میں تیار کردہ 54 الیکٹرک گاڑیاں بھی حوالے کیں۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر کہا، ’’ہندوستان ای-موبلٹی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کی سمت میں بھوٹان کے اقدامات کی حمایت کر رہا ہے۔‘‘ جے شنکر کا بدھ کو تھمپو کے قریب پارو شہر پہنچنے پر ان کے بھوٹانی ہم منصب ڈی این ڈھنگیل نے گرمجوشی سے استقبال کیا تھا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت میں ترقیاتی شراکت داری، توانائی، تجارت، رابطہ، ثقافت اور عوام کے درمیان تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ وزیر خارجہ نے کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا، جن میں مونگر میں 65 بستروں پر مشتمل گیالٹسون جیتسون پیما زچہ و بچہ اسپتال بھی شامل ہے۔ انہوں نے شمالی بھوٹان کے گاسا میں 500 کلوواٹ کی لُنانا پن بجلی منصوبے کی بنیاد بھی رکھی۔