نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم پرہلاد جوشی نے جمعرات کو ہندوستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کرسٹوفر کوٹر اور تجارتی کمشنر ایمی انتونینی سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پرہلاد جوشی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ بات چیت کا مرکز وزیر اعظم نریندر مودی اور کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے درمیان ملاقاتوں کے دوران اعلان کردہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر عمل درآمد، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعلقات کو نئی توانائی دینا، تحقیقی شراکت داری کو وسعت دینا اور طلبہ کی آمد و رفت کے مواقع بڑھانا تھا۔
اس کے علاوہ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت کینیڈا کی یونیورسٹیوں کے لیے ہندوستان میں اپنے ادارے قائم کرنے اور کام کرنے کے امکانات کو آسان بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ جوشی نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں نے تعلیمی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور ہندوستان و کینیڈا کے طلبہ اور محققین کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔