نئی دہلی: امریکی فضائیہ نے ایران کی جانب سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر انگلینڈ کے مشرقی حصے میں واقع اپنے فوجی اڈے سے فضا میں دوسرے طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے والے طیارے ہٹا لیے ہیں۔ ’دی وال اسٹریٹ جرنل‘ نے منگل کو اپنی ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ اخبار نے اس فیصلے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا کہ آر اے ایف ملڈن ہال میں تعینات ایندھن بھرنے والے 2 طیاروں کو پیر کے روز جرمنی بھیج دیا گیا۔
اس کے علاوہ بعد میں کئی دیگر طیاروں کو بھی یورپ کے دوسرے فوجی اڈوں پر منتقل کر دیا گیا۔ ’دی وال اسٹریٹ جرنل‘ کے مطابق، امریکی حکام کو پیر کے روز ایک نئے خطرے کے بارے میں اطلاع ملی تھی، جس کے بعد طیاروں کو دوسرے مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں جب ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے امریکی یورپی کمان سے رابطہ کیا تو ایک افسر نے کہا کہ انہیں اس خبر کی جانکاری ہے۔
تاہم، انہوں نے وضاحت کی کہ فضائیہ مختلف وجوہات کی بنا پر طیاروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرتی رہتی ہے۔ ان وجوہات میں فوجی تربیت اور حقیقی فوجی کارروائیوں سے متعلق ضروریات بھی شامل ہیں۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر افسر نے کہا، ’’فوجی کارروائیوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم فوجی وسائل کی نقل و حرکت کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم نہیں کر سکتے۔