اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور جیل میں قید عمران خان کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کی جسمانی صحت کے حوالے سے بڑھتی تشویش کے درمیان اتوار کو ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا۔73 سالہ عمران خان 2023 سے کرپشن کے ایک مقدمے میں سزا کے بعد راولپنڈی کی ہائی سکیورٹی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
ان کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ مناسب طبی سہولیات نہ ملنے کے باعث ان کی صحت خراب ہوئی ہے۔ تاہم جیل حکام مسلسل ان الزامات کو مسترد کرتے رہے ہیں۔جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سرکاری ادارے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یعنی پمز سے ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔ اس دوران ان کے بلڈ پریشر۔ کولیسٹرول اور آنکھوں سمیت مختلف طبی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پمز کے ایک ڈاکٹر نے طبی ٹیم کی قیادت کی جبکہ اڈیالہ جیل کے اسپتال کے طبی عملے نے بھی معائنے کے دوران معاونت کی۔عمران خان اس سے قبل آنکھوں کی تکلیف کی شکایت کر چکے ہیں اور طبی علاج کے لیے کئی مرتبہ پمز منتقل کیے جا چکے ہیں۔سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں علاج کے لیے ایک نجی طبی مرکز منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم انہیں پمز لے جایا گیا جہاں مختلف طبی ٹیسٹ کیے جانے کے بعد واپس جیل منتقل کر دیا گیا۔
عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے انہیں اسلام آباد کے نجی اسپتال شفا انٹرنیشنل منتقل کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ پارٹی چاہتی ہے کہ وہاں ان کا مکمل طبی معائنہ اور علاج کیا جائے۔ پی ٹی آئی نے عمران خان کی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔دریں اثنا سیاسی جماعت نے عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے 27 ستمبر کو احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ احتجاج کے ذریعے حکومت پر ان کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔اپریل 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے بے دخل کیے جانے کے بعد سے عمران خان کو متعدد قانونی مقدمات کا سامنا ہے۔ ان کی صحت اور دوران حراست ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کا معاملہ بھی مسلسل پاکستان کی سیاسی بحث کا حصہ رہا ہے۔