مظفرآباد۔ پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی ہیومن رائٹس کونسل نے شوکت نواز میر کی حراست اور موجودہ قانونی حیثیت سے متعلق متضاد بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری۔ شفاف اور قابل تصدیق وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔ایچ آر سی پی او جے کے نے ایکس پر جاری پوسٹ میں کہا کہ 30 جون 2026 کو شوکت نواز میر کی گرفتاری کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ قومی میڈیا اداروں نے مبینہ طور پر مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر کے حوالے سے ان کی گرفتاری کی تصدیق بھی کی تھی۔
تاہم کونسل کے مطابق بعد میں پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ شوکت نواز میر پولیس کی حراست میں نہیں ہیں بلکہ ان کے خلاف درج مقدمات کے سلسلے میں مطلوب اور مفرور ہیں۔ کونسل نے کہا کہ یہ معاملہ فی الحال ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ایچ آر سی پی او جے کے نے شوکت نواز میر کی آزادی۔ سلامتی اور قانونی حیثیت سے متعلق متضاد بیانات کو ایک سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے واضح وضاحت کی ضرورت پر زور دیا۔
کونسل نے کہا کہ اگر شوکت نواز میر کسی سرکاری ادارے یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کی حراست میں ہیں تو ان کا مقام اور قانونی حیثیت واضح طور پر ظاہر کی جانی چاہیے اور انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔ کونسل نے ان کے اہل خانہ اور قانونی نمائندوں کو بھی ان تک رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب اگر شوکت نواز میر حراست میں نہیں ہیں تو ایچ آر سی پی او جے کے نے 30 جون کو سامنے آنے والی گرفتاری کی خبر۔ گرفتاری کی سرکاری تصدیق اور اس معاملے سے متعلق دستیاب شواہد کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
کونسل نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری صرف قانون نافذ کرنا نہیں بلکہ عدالتوں اور عوام کے سامنے درست۔ واضح اور قابل تصدیق معلومات فراہم کرنا بھی ہے۔ کونسل کے مطابق کسی فرد کی حراست اور قانونی حیثیت سے متعلق ابہام قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات پیدا کرتا ہے۔ایچ آر سی پی او جے کے نے عدلیہ سے بھی اپیل کی کہ تمام متعلقہ سرکاری ریکارڈ اور شواہد طلب کیے جائیں تاکہ حقائق واضح ہوسکیں اور شوکت نواز میر کی موجودہ قانونی حیثیت اور مقام کے بارے میں کسی بھی قسم کا ابہام باقی نہ رہے۔