حوثی حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کا ٹاور متاثر۔ کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2026
حوثی حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کا ٹاور متاثر۔ کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان
حوثی حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کا ٹاور متاثر۔ کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان

 



  ریاض : سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثی ملیشیا نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ایک ٹاور کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ حملے کے نتیجے میں ٹاور کی کئی منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سول ڈیفنس نے اپنے بیان میں کہا کہ شہری املاک کو دانستہ نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ حملہ حوثی ملیشیا کے خطرناک رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد متعلقہ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے اور طے شدہ ہنگامی طریقہ کار پر عمل درآمد کیا۔

اس سے قبل جمعرات کی علی الصباح یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغا گیا ایک میزائل فضا میں تباہ کر دیا گیا تھا۔ سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا تھا کہ میزائل کا ملبہ گرنے کے بعد ممکنہ مادی نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اسی دوران سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تھی۔

صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے میزائل کے خطرے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق میزائل کا ملبہ گرا ہے اور اس سے ہونے والے مادی نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔ عینی شاہدین نے بھی جمعرات کی علی الصباح دارالحکومت میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سننے کی تصدیق کی تھی۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔ ایران کی حمایت یافتہ اس ملیشیا نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ان اہداف میں ہوائی اڈے۔ بندرگاہیں اور تیل کی تنصیبات بھی شامل ہیں۔

ریاض اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ حوثی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ ان حملوں میں شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دارالحکومت میں آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

ان حملوں سے شہری آبادی کو خطرات لاحق ہوئے ہیں اور فضائی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ سعودی فضائی دفاعی نظام نے میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے کارروائیاں کیں جبکہ حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہنگامی الرٹس بھی جاری کیے۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ان حملوں کے جواب میں یمن میں حوثی ملیشیا کے فوجی ٹھکانوں کے خلاف جوابی کارروائیاں بھی کی ہیں۔ ان کارروائیوں میں میزائل داغنے کے مراکز۔ اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور دیگر فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنہیں سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے