وائٹ ہاؤس کے حکام سے ملاقات میں ہندو امریکی رہنماؤں نے مسائل اٹھائے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2026
وائٹ ہاؤس کے حکام سے ملاقات میں ہندو امریکی رہنماؤں نے مسائل اٹھائے
وائٹ ہاؤس کے حکام سے ملاقات میں ہندو امریکی رہنماؤں نے مسائل اٹھائے

 



واشنگٹن: امریکہ میں ہندو برادری کے رہنماؤں نے وائٹ ہاؤس کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں سوشل میڈیا پر ہندو مخالف بیانات اور ملک بھر میں ہندوؤں کے خلاف نفرت پر مبنی واقعات پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے مندروں کی سکیورٹی مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور دفتر وائٹ ہاؤس میں مذہبی امور کی ڈائریکٹر جینیفر کورن کی قیادت میں ایک وفد نے بدھ کو یہاں ہندو کمیونٹی سینٹر اور مندر ’’کیشوم‘‘ کا دورہ کیا۔

اس دوران وفد نے ہندو امریکی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی۔ ملاقات میں ہندو سویم سیوک سنگھ-امریکہ، سیوا انٹرنیشنل، بی اے پی ایس، ہندو یوا، اسکن، چنمیہ مشن، آرٹ آف لیونگ، ایشا فاؤنڈیشن، وشو ہندو پریشد آف امریکہ اور شری مد راج چندر مشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کورن کے ساتھ امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر مشیر اور مذہبی امور کی رابطہ افسر بیلسیس رومیو بھی موجود تھیں۔

ہندو امریکی نمائندوں نے قدرتی آفات کے دوران امدادی کاموں، مراقبہ اور صحت سے متعلق پروگراموں اور ’’سیوا دیوالی‘‘ فوڈ کلیکشن مہم جیسی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے کمیونٹی کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ہندو مخالف بیانات میں اضافے اور ملک بھر میں ہندوؤں کے خلاف نفرت پر مبنی واقعات پر بھی تشویش ظاہر کی۔

نمائندوں نے امریکی حکام سے مندروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرنے اور مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے کو مضبوط بنانے کی اپیل کی تاکہ باہمی اعتماد اور سمجھ کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں ہندو امریکیوں کی نمائندگی بڑھانے اور وفاقی پالیسیوں سے متعلق مباحث میں کمیونٹی کی رائے شامل کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات میں شریک ایک شخص نے کہا، ’’اس ملاقات نے ہندو امریکی رہنماؤں کو اپنی کمیونٹی کی خدمات کے بارے میں بتانے، اپنی تشویش کا اظہار کرنے اور وائٹ ہاؤس اور وفاقی اداروں کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔‘‘ کیشوم کے صدر وشوجیت ملامپتی نے بھی رواں ماہ کے اوائل میں وائٹ ہاؤس میں منعقدہ دیوالی تقریب میں شرکت کی تھی۔