عالمی قرض بحران: پاکستان سے مالیاتی نظام میں اصلاحات کی قیادت کا مطالبہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
عالمی قرض بحران: پاکستان سے مالیاتی نظام میں اصلاحات کی قیادت کا مطالبہ
عالمی قرض بحران: پاکستان سے مالیاتی نظام میں اصلاحات کی قیادت کا مطالبہ

 



اسلام آباد: ترقی پذیر ملکوں پر بڑھتے ہوئے قرضوں کے دباؤ نے عالمی اقتصادی استحکام کے لیے خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ ایسے میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے۔ اخبار ’دی ایکسپریس ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق، 2027 میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے بورڈ آف گورنرز کی صدارت پاکستان کے پاس ہوگی۔ یہ پاکستان کے لیے عالمی مالیاتی نظام میں بامعنی تبدیلیوں کے لیے آواز اٹھانے کا ایک اہم موقع ہے۔

اخبار کے مطابق، اس سلسلے میں تشویش کا اظہار جولائی 2025 میں اسپین کے شہر سیویل میں منعقدہ اقوام متحدہ کی ’چوتھی کانفرنس برائے ترقیاتی مالیات‘ اور گزشتہ ماہ بنکاک میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں کے بعد کیا گیا ہے۔ پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ’سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ‘ کی 29ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ’انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس‘ کے مطابق، 2025 کے آخر تک دنیا پر مجموعی قرضوں کا حجم ریکارڈ 348 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

دوسری جانب، کم آمدنی والے تقریباً نصف ممالک یا تو قرضوں کے سنگین بحران سے دوچار ہیں یا انہیں اس بحران کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ ترقی پذیر معیشتیں اس صورت حال سے خاص طور پر متاثر ہو رہی ہیں، کیونکہ ان ممالک کے سرکاری محصولات محدود ہیں، قرض حاصل کرنے کی لاگت بڑھ رہی ہے اور وہ بیرونی اقتصادی جھٹکوں کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ یہ صورت حال پاکستان کے لیے بھی خاصی تشویش ناک ہے، جو 2023 میں دیوالیہ ہونے سے بال بال بچا تھا۔ اس وقت ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر گھٹ کر تقریباً 3 ارب امریکی ڈالر رہ گئے تھے، جو تین ہفتوں کی درآمدات کے لیے بھی کافی نہیں تھے۔

اسی سال مئی میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ اس صورت حال کے پیش نظر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی پالیسی شرح سود بڑھا کر 22 فیصد کر دی تھی، جو ملک کی کمزور اقتصادی حالت کی عکاسی کرتی ہے۔ ’دی ایکسپریس ٹریبیون‘ کے مطابق، تجزیے میں کہا گیا ہے کہ قرضوں سے نجات کے لیے موجودہ عالمی انتظامات، جن میں جی 20 کا ’کامن فریم ورک‘ بھی شامل ہے، بروقت اور مؤثر حل فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ روایتی قرض دہندگان، نجی بانڈ ہولڈرز اور نئے قرض دہندگان کے درمیان طویل مذاکرات اور باہمی تال میل کی مشکلات نے قرضوں کی ازسرنو تنظیم کے عمل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

رپورٹ میں عالمی مالیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے 6 اہم اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔ ان میں قرضوں کی ازسرنو تنظیم کے لیے ایک واضح طریقہ کار وضع کرنا، قدرتی آفات کے دوران قرضوں کی ادائیگی خودکار طور پر معطل کرنے کا نظام قائم کرنا، نجی قرض دہندگان کی شمولیت بڑھانا، کثیر ملکی ترقیاتی بینکوں کی مالی وسائل فراہم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا، سرکاری قرض لینے کے عمل میں زیادہ شفافیت لانا اور موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قرضوں کی پائیداری کا جائزہ لینا شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پاکستان کو 2027 میں ملنے والی صدارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان اصلاحات کے لیے عالمی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، تاکہ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے بڑھتے ہوئے بحران سے نکالنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔