تبت۔ چین کے تبت علاقے میں جمعرات کو 7.0 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 32 دیگر زخمی ہوگئے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے یہ اطلاع دی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز تبت کے شہر ناگچو سے 183 کلومیٹر مشرق شمال مشرق میں واقع تھا۔
ژنہوا کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقے میں 300 سے زیادہ مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ نقصانات کی مکمل تفصیلات کا ابھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق زلزلے کے بعد ریلوے حکام نے متاثرہ علاقوں سے گزرنے والی ٹرینوں کی خدمات عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ زلزلہ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 8 بج کر 3 منٹ اور 43 سیکنڈ پر آیا۔ زلزلے کی گہرائی 173 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز 32.368 درجے شمالی عرض البلد اور 93.853 درجے مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔
ژنہوا کی آج شائع ہونے والی تازہ رپورٹ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 25 منٹ تک زخمی ہونے والے 32 افراد میں سے 11 کی حالت تشویش ناک تھی جبکہ 21 افراد کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں 300 سے زیادہ مکانات منہدم ہونے کی اطلاع ہے۔
علاقے کے ہنگامی کمانڈ سینٹر نے امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے زلزلے کے پیش نظر سطح دوم کی ہنگامی کارروائی شروع کردی ہے۔
زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔