ہندوستان نے سعودی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2026
 ہندوستان نے سعودی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی
ہندوستان نے سعودی ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کی

 



نئی دہلی:ہندوستان نے جمعرات کو گزشتہ چند دنوں کے دوران ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنا کر کیے گئے حملوں کی مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ہندوستان نے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا ہے۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان گزشتہ چند دنوں کے دوران ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے جن میں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ہندوستان نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ہندوستان سعودی عرب اور اس کے عوام و حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

اس سے قبل سعودی قیادت والے اتحاد نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کے بعد یمن میں حوثیوں سے متعلق 82 فوجی اہداف کو تباہ کر دیا گیا ہے۔اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بدھ کو جاری ایک سرکاری بیان میں کہا کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے حملوں کو سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات پر دہشت گرد حوثی ملیشیا کے حملوں کے جواب میں مشترکہ افواج نے ایک جامع کارروائی کی۔ اس کارروائی میں صعدہ۔ الحدیدہ۔ الجوف اور مارب کے علاقوں میں حوثی ملیشیا سے متعلق 82 فوجی اہداف کو تباہ کیا گیا۔اتحاد کے مطابق ان اہداف میں بیلسٹک میزائلوں کے مقامات بھی شامل تھے۔ صعدہ میں پہاڑوں کے اندر قائم بیلسٹک میزائلوں کے 11 ذخیرہ گاہوں کے علاوہ کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز۔ مواصلاتی نظام۔ میزائل اور ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کے مقامات اور حوثی جنگجوؤں کے اجتماع کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اتحادی افواج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ صنعاء میں بیلسٹک میزائل داغنے کے لیے تیار ایک لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کر دیا گیا تھا جو سعودی عرب کے خلاف ممکنہ حملے کی تیاری میں تھا۔جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے الگ الگ 6 اور 7 اکتوبر کو ہوئے۔ ان حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے۔ابہا ایئرپورٹ پر 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے جبکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔ جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور حکام نقصان کا جائزہ لینے کے ساتھ تنصیبات کی حفاظت بھی جانچ رہے ہیں۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بھی حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں شہریوں کو نشانہ بنانے والے منظم جرائم قرار دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہری ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانا اور مسافروں۔ ملازمین اور شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنا خطرناک کشیدگی اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سعودی عرب میں امریکی مشن نے بھی امریکی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور فضائی حدود کے خلاف حوثیوں کی دھمکیوں کے پیش نظر زیادہ محتاط رہیں۔ مشن نے ممکنہ پروازوں کی منسوخی۔ فضائی حدود کی بندش اور سفری مشکلات کے بارے میں بھی خبردار کیا ہے۔دریں اثنا حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ تنظیم نے سعودی عرب اور سعودی حمایت یافتہ اہداف کے خلاف میزائل حملے کیے ہیں۔