مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش کا دعویٰ : ہندوستان کو تشویش

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش کا دعویٰ : ہندوستان کو تشویش
مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش کا دعویٰ : ہندوستان کو تشویش

 



نئی دہلی: ہندوستان نے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش پر بدھ کے روز گہری تشویش کا اظہار کیا اور مغربی ایشیا میں جلد امن اور استحکام بحال کرنے کی اپنی اپیل دہرائی۔ سعودی حکام نے ریاض میں بتایا کہ منگل کی شام مکہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں کے ایک ڈرون کو مار گرایا گیا۔

اس پر ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، "ہم مکہ کے قریب ہوئے ڈرون حملے کو لے کر بہت تشویش میں ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ہندوستان سعودی عرب کی خودمختار سرزمین پر حملوں اور ایسی سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے جن سے عام شہریوں کی جان اور بنیادی ڈھانچے کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

جیسوال نے کہا، "مکہ کے قریب پیش آنے والا واقعہ خاص طور پر تشویش کا باعث ہے، کیونکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اس شہر کی خاص اہمیت ہے۔" وہ میڈیا کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا، "ہم امید کرتے ہیں کہ اس علاقے میں جلد ہی امن اور استحکام بحال ہوگا۔" مکہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کو مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایک اہم واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔ اس دوران حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر متعدد حملے کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

منگل کے روز سعودی عرب کے مغربی ساحلی علاقوں میں، جن میں مکہ بھی شامل ہے، سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق، ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مکہ شہر کے جنوب میں حوثیوں کے ایک ڈرون کو مار گرایا۔ سعودی حکام کے مطابق ڈرون کو مکہ کے ممنوعہ فضائی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی تباہ کردیا گیا۔ تاہم، حوثیوں نے مکہ یا کسی بھی اسلامی مذہبی مقام کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے۔ ہندوستان نے اس سے ایک روز قبل سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے اور تجارتی اداروں پر حوثیوں کے حملوں پر بھی تشویش ظاہر کی تھی۔

ہندوستان نے خبردار کیا تھا کہ ایسے حملوں سے علاقے کا استحکام متاثر ہوتا ہے اور باب المندب آبنائے سے بحری جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اتوار کو برکس سربراہی اجلاس کے دوران سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ جیسوال نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا تھا، "ہم نے سعودی عرب کی سرزمین پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے، جن میں شہری بنیادی ڈھانچے اور تجارتی اداروں پر حملے بھی شامل ہیں۔ ایسے حملے علاقے کے استحکام کو متاثر کرتے ہیں اور باب المندب سے جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں۔" ایران کی حمایت یافتہ حوثی تنظیم اس سے قبل سعودی عرب کی ایسٹ-ویسٹ آئل پائپ لائن پر بھی حملہ کرچکی ہے، جسے خام تیل کی ترسیل کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔