نئی دہلی::چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے لیے خصوصی پاکستانی کھانوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ان کے ذائقے اور غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں۔ اس خصوصی مینو میں بٹر چکن۔ بیف نہاری۔ لیمب قورمہ اور مسالے دار چنے جیسے روایتی پاکستانی پکوان شامل ہیں۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق محمد ذیشان علی بدھ کے روز شینژو 24 خلائی مشن کے ذریعے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچے۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ ان کے ساتھ چینی خلا باز تانگ ہونگبو اور وو یی بھی خلائی اسٹیشن پہنچے ہیں۔
ذیشان علی کے لیے کھانے کا خصوصی مینو تیار کرنے سے پہلے چینی خلائی تحقیقاتی مرکز کے ماہرین نے پاکستانی کھانے پینے کی عادات۔ ثقافت اور غذائی ضروریات کا تفصیلی مطالعہ کیا۔ اس دوران ان کی پسندیدہ خوشبوؤں اور مصالحوں خصوصاً ہلدی اور کری کو بھی مدنظر رکھا گیا۔چائنا ایسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کی محقق چن جونلی کے مطابق کھانوں کی تیاری میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ خلا باز کو مناسب توانائی اور غذائیت ملے اور کھانے ہلکے ہونے کے ساتھ آسانی سے ہضم بھی ہوسکیں۔ خصوصاً خلائی سفر کے ابتدائی دنوں کے لیے اس پہلو پر توجہ دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق کھانے کی تیاری سے لے کر پیکنگ تک پورے عمل میں حلال اصولوں کی پابندی کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے کھانوں کی ترکیبوں کو کئی مرتبہ آزمایا اور بہتر بنایا گیا۔
چھ خلا بازوں کے لیے خصوصی عشائیہ
خلائی اسٹیشن پر شینژو 23 اور شینژو 24 مشن کے مجموعی طور پر 6 خلا باز موجود ہیں۔ دونوں ٹیمیں اپنے قیام کے دوران ایک خصوصی عشائیے میں شریک ہوں گی۔ اس موقع پر ایسا مینو تیار کیا گیا ہے جس میں پاکستانی اور چینی دونوں ذائقوں کا خیال رکھا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ذیشان علی کے لیے ابتدائی طور پر پاکستانی مسالے دار دودھ والی چائے کا انتظام کیا گیا تھا۔ تاہم چین میں قیام کے دوران انہیں چینی بلیک ٹی اور چاول پسند آگئے۔ انہوں نے اپنے خلائی سفر کے لیے ان دونوں چیزوں کی مزید مقدار فراہم کرنے کی درخواست کی جسے مینو میں شامل کرلیا گیا۔
خلائی سفر کے ساتھ سائنسی تجربات بھی
40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے شہری ہیں جنہوں نے خلا میں قدم رکھا ہے۔ وہ خلائی اسٹیشن پر تقریباً 5 سے 10 دن گزاریں گے اور مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
پاکستانی خلائی ادارے سپارکو کے مطابق ان تجربات میں مائیکرو ایلگی کی افزائش اور کوئنوا کے بیجوں پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ شامل ہے۔ ان تجربات کا مقصد مستقبل کے خلائی مشنوں کے لیے خوراک اور آکسیجن کے ممکنہ ذرائع اور خلائی ماحول میں پودوں کی نشوونما کو سمجھنا ہے۔ چین کے مطابق اس مشن کے دوران تقریباً 90 سائنسی تجربات کیے جائیں گے۔