لاس اینجلس، 10 نومبر: برطانوی مصنف ایم جان ہیریسن نے اپنے ناول ’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ (The End of Everything) کے لیے 2026 کا بکر انعام جیت لیا ہے۔ یہ فکشن کے شعبے کے سب سے باوقار ادبی انعامات میں شمار ہوتا ہے۔ 81 سال کی عمر میں یہ انعام حاصل کرکے ہیریسن نے تاریخ رقم کردی ہے۔ وہ اب تک یہ اعزاز حاصل کرنے والے سب سے معمر مصنف بن گئے ہیں۔ انعام کا اعلان پیر کو لندن کے اولڈ بلنگس گیٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ یہ عمارت ماضی میں مچھلی بازار کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔
ہیریسن کو انعام کے طور پر 50,000 برطانوی پاؤنڈ (تقریباً 67,000 امریکی ڈالر) دیے جائیں گے۔ سی این این کے مطابق، اس سال انعام دینے والی جیوری کی سربراہی مؤرخ میری بیئرڈ نے کی۔ جیوری کے دیگر ارکان میں شاعر ریمونڈ انٹروبس، مصنفہ پیٹریشیا لاک ووڈ، ناقد ریبیکا لیو اور برطانوی میوزک بینڈ ’پلپ‘ کے مرکزی گلوکار جارویس کاکر شامل تھے۔ انعام کے اعلان سے قبل شائع ہونے والے ایک سوال و جواب کے سیشن میں جیوری نے ناول کے بارے میں لکھا، ’’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ کو ایک سنسنی خیز ناول، پراسرار کہانی، طنزیہ تحریر، مستقبل کی ایک خوفناک دنیا پر مبنی ناول، سفر کی داستان یا حقیقت پسندانہ ادب کے طور پر پڑھا جاسکتا ہے۔
قاری جو کچھ بھی تلاش کر رہا ہو، اسے اس ناول میں مل سکتا ہے، البتہ ایک منفرد زاویے اور نئے موڑ کے ساتھ۔‘‘ ہیریسن کی کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ پہلی بار کسی سائنس فکشن ناول کو بکر انعام سے نوازا گیا ہے۔ اگرچہ 2024 کا انعام جیتنے والے ناول ’آربٹل‘ کی کہانی بھی ایک خلائی اسٹیشن کے پس منظر میں لکھی گئی ہے، لیکن اسے فلسفیانہ ناول قرار دیا جاتا ہے اور کسی ایک ادبی صنف میں محدود کرنا مشکل ہے۔
تاہم، اس سال سائنس فکشن کو خصوصی شناخت ملی ہے اور ایسے مصنف کو اعزاز سے نوازا گیا ہے جو 5 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اس صنف میں لکھ رہے ہیں۔ ہیریسن نے 1971 میں اپنی ’ورکونیم‘ (Virconium) سیریز کا آغاز کیا تھا۔ یہ سلسلہ مستقبل کی زمین پر مبنی ہے۔ انہوں نے 1984 تک اپنے ناولوں اور کہانیوں میں اس خیالی شہر کو موضوع بنایا۔ ان کی دیگر اہم تخلیقات میں ’کیفاہوچی ٹریکٹ‘ (Kefahuchi Tract) سہہ جلدی ناولوں کی سیریز بھی شامل ہے، جسے انہوں نے 2002 سے 2012 کے درمیان مکمل کیا۔ بکر انعام کے لیے یہ ان کی پہلی نامزدگی تھی۔