لندن (برطانیہ): برطانوی اداکار، مصنف اور ہدایت کار نوئل کلارک نے بدھ کی صبح لندن کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ عدالت میں پیش ہو کر جنسی جرائم کے چھ الزامات میں خود کو بے قصور بتایا۔ ’ورائٹی‘ کی رپورٹ کے مطابق، ان الزامات میں جنسی حملے کے دو، خفیہ طور پر کسی کی نجی سرگرمیوں کو دیکھنے یا ریکارڈ کرنے کے تین اور غیر اخلاقی طور پر جسم کی نمائش کرنے کا ایک معاملہ شامل ہے۔
حکام کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان مبینہ جرائم میں پانچ خواتین متاثرہ فریق ہیں اور یہ واقعات 2007 سے 2016 کے درمیان پیش آنے کے الزامات ہیں۔ نوئل کلارک سائنس فکشن سیریز ’ڈاکٹر ہو‘ میں مکی اسمتھ کا کردار ادا کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ’کڈل تھُوڈ‘، ’ایڈلٹ ہُڈ‘ اور ’برادر ہُڈ‘ جیسی فلموں کے مصنف اور اداکار بھی رہے ہیں۔
انہوں نے ایشلے والٹرز کے ساتھ اسکائی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’بلٹ پروف‘ کی مشترکہ طور پر کہانی بھی لکھی تھی۔ یہ فوجداری الزامات لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کی تحقیقات اور برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس کی منظوری کے بعد عائد کیے گئے ہیں۔ کراؤن پراسیکیوشن سروس نے گزشتہ ماہ شواہد کی ایک فائل کا جائزہ لیا تھا۔ نوئل کلارک کو اگلی بار 18 نومبر کو عدالت میں پیش ہونا ہے۔