پشاور۔ پاکستان کے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنا کر کیے گئے زوردار بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ پاکستانی روزنامہ ڈان کے مطابق یہ واقعہ امن میلہ کے قریب درازندہ میں پیش آیا۔دھماکہ امن میلہ چیک پوسٹ پر ہوا جو مغل کوٹ اور درازندہ کے درمیان ڈی آئی خان کوئٹہ روڈ کے قریب واقع ہے۔ یہ علاقہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں سکیورٹی صورتحال کو حساس قرار دیا جاتا ہے۔
ایمرجنسی سروسز کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 8 مرد۔ 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ ریسکیو اہلکار ملبے سے متاثرین کو نکالنے کی کارروائی میں مصروف ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت اور وجہ معلوم کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں پولیس اہلکاروں اور کسٹمز حکام کے علاوہ 2 عام شہری بھی شامل ہیں۔ایمرجنسی حکام کے مطابق 20 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ ان میں سے 18 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے درازندہ کے طبی مرکز اور ڈی آئی خان کے مفتی محمود اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے ضلعی ایمرجنسی افسر محمد عارف خان نے زخمیوں اور متاثرین کی منتقلی کے لیے ڈی آئی خان سے 4 مزید ایمبولینسیں طبی عملے کے ساتھ فوری طور پر روانہ کرنے کی ہدایت دی۔یہ سکیورٹی چیک پوسٹ قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈی آئی خان کوئٹہ روڈ پر نگرانی اور گاڑیوں کی جانچ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔