انطالیہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بالخصوص دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
یہ دوطرفہ ملاقات منگل کو ترکی کے شہر انطالیہ میں ہوئی۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر منعقد ہونے والی سربراہانِ مملکت و حکومت کی چوٹی کانفرنس سے ایک شام قبل ہوئی۔ملاقات میں بنگلہ دیش اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، دفاعی تعاون میں توسیع، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، روہنگیا پناہ گزینوں کی وطن واپسی، توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر گفتگو ہوئی۔ بنگلہ دیش کے وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق قابل تجدید توانائی کے شعبے میں شراکت داری قائم کرنے کا معاملہ بھی گفتگو کا اہم حصہ رہا۔
ملاقات کے آغاز میں وزیر اعظم طارق رحمان نے گزشتہ ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر سے ہونے والی اپنی ملاقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی پیش رفت کو سراہا اور کوپ 31 سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر ترکی کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر طارق رحمان نے بنگلہ دیش اور ترکی کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے دفاعی شعبے میں ترکی کے ساتھ تعاون بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر توجہ دینے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی مذاکرات اور رابطوں کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ توانائی کے تحفظ اور معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں ترکی کی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر وزیر اعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش جیسے ممالک کو اس کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ یہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔روہنگیا بحران میں ترکی کے تعاون کو سراہا
ملاقات کے دوران طارق رحمان نے روہنگیا بحران کے حل کے لیے ترکی کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے روہنگیا انسانی بحران کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں ترکی کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا اور روہنگیا پناہ گزینوں کو زمینی سطح پر فراہم کی جانے والی انسانی امداد کے لیے بھی ترکی کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی کو سفارتی سطح پر حاصل اہم مقام کے پیش نظر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں انقرہ کی مسلسل حمایت اور فعال کردار روہنگیا پناہ گزینوں کی محفوظ، باوقار اور پائیدار وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے ترکی سے اپیل کی کہ وہ روہنگیا پناہ گزینوں کے حقوق اور ان کی وطن واپسی کے معاملے پر عالمی سطح پر اپنی مؤثر سفارتی کوششیں جاری رکھے۔