آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر حملہ، عملے کے 11 ہندوستانی ارکان زخمی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-10-2026
آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر حملہ، عملے کے 11 ہندوستانی ارکان زخمی
آبنائے ہرمز میں بحری جہاز پر حملہ، عملے کے 11 ہندوستانی ارکان زخمی

 



نئی دہلی: آبنائے ہرمز سے گزرنے والے پاناما کے پرچم والے ایک تجارتی بحری جہاز پر منگل کو ایک پروجیکٹائل داغے جانے کے نتیجے میں عملے کے 11 ہندوستانی ارکان زخمی ہو گئے۔ ہندوستان نے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق ’ایم ٹی آن پیس‘ نامی اس بحری جہاز پر عملے کے 19 ارکان سوار تھے، جن میں 17 ہندوستانی شہری تھے۔

وزارت نے بتایا کہ حملے میں عملے کے مجموعی طور پر 12 ارکان زخمی ہوئے، جن میں 11 ہندوستانی شہری شامل ہیں۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ’’ہم آج (منگل) عمان کے ساحل کے قریب پاناما کے پرچم والے تجارتی بحری جہاز ’ایم ٹی آن پیس‘ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ آبنائے ہرمز سے گزرتے وقت جہاز پر ایک پروجیکٹائل داغا گیا۔‘‘ وزارت نے کہا کہ علاقے میں بحری جہازوں پر مسلسل ہونے والے حملے ہندوستان کے لیے ’’گہری تشویش‘‘ کا باعث ہیں۔

وزارت خارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے مفاد میں ایسے حملے فوری طور پر روکنے کی اپنی اپیل دہرائی۔ وزارت نے کہا کہ تجارتی بحری جہازوں، ملاحوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بند کیا جانا چاہیے اور بین الاقوامی آبی راستوں سے آمدورفت اور تجارت جلد از جلد بحال کی جانی چاہیے۔ وزارت خارجہ کے مطابق عمان کے حکام کی مدد سے جہاز پر سوار ملاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ زخمی عملے کے ارکان کو عمانی حکام کی معاونت سے وہاں سے نکال کر عمان کے خاصاب شہر پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ وزارت نے عمانی حکام کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔