ریاض : آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
ریاض میں آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا
ریاض میں آرامکو کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا

 



ریاض:سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جس کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے عمارت کو معمولی نقصان پہنچا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

سعودی وزارتِ توانائی کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بتایا کہ عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران ملبے کے کچھ ٹکڑے اس پر گرے، جس سے محدود نقصان ہوا۔ وزارت کے مطابق متعلقہ حکام نے واقعے سے نمٹنے اور ضروری اقدامات کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ریاض اور جنوبی علاقوں کی طرف آنے والے میزائل تباہ

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے کروز اور بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔عرب نیوز کے مطابق، اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ ریاض اور جنوبی علاقوں کی طرف آنے والے دو کروز میزائلوں کو تباہ کیا گیا، جبکہ دارالحکومت کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل بھی مار گرائے گئے۔ نومبر کے آغاز سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کو فضائی خطرات کا سامنا ہے اور یہ اسی سلسلے کی تازہ کارروائی ہے۔

اس سے قبل سعودی فضائی دفاعی نظام نے مشرقی صوبے کی جانب آنے والے ایک اور میزائل کو بھی تباہ کر دیا تھا۔

سعودی سول ڈیفنس نے ابتدا میں ریاض شہر اور نجران صوبے کے لیے ممکنہ خطرے کے انتباہات جاری کیے تھے، تاہم صورتِ حال قابو میں آنے کے بعد یہ انتباہات واپس لے لیے گئے۔ اسی طرح بقیق، الاحساء اور دمام کے لیے بھی الرٹ جاری کیے گئے، جنہیں بعد میں ختم کر دیا گیا۔

نومبر میں میزائلوں اور ڈرونز کی متعدد کارروائیاں ناکام

اتحاد کے مطابق، رواں ماہ اب تک سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں کم از کم 15 بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ متعدد ڈرونز کو تباہ یا ناکارہ بنایا جا چکا ہے۔

سنیچر کو بھی ریاض ریجن کی طرف داغا گیا ایک کروز میزائل فضا میں تباہ کر دیا گیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل نجران کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل مار گرائے گئے تھے۔ ان کا ملبہ مختلف مقامات پر گرا، جس کے بعد حکام نے ممکنہ نقصانات کا جائزہ لیا۔

6 نومبر کو ریاض اور مکہ ریجن کی جانب آنے والے دو ڈرونز تباہ کیے گئے تھے، جبکہ 5 نومبر کو مدینہ ریجن کی طرف داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا گیا تھا۔ اسی طرح 3 نومبر کو جنوبی، مشرقی اور مکہ ریجنز کی سمت آنے والے تین ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔

2 نومبر کو ریاض اور جنوبی علاقوں کی طرف آنے والے دو ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل کو روک لیا گیا تھا، جبکہ یکم نومبر کو جنوبی علاقے کی جانب آنے والا ایک ڈرون اور ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا تھا۔