ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے جدہ اور ریاض کے علاوہ دمام کے لیے پروازیں 24 اکتوبر 2026 تک عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ وہ سمجھتی ہے کہ اس صورت حال سے مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں اور اس دوران انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بیان کے مطابق 15 اکتوبر 2026 یا اس سے پہلے جاری کیے گئے کنفرم ٹکٹ رکھنے والے وہ مسافر جن کی سفر کی تاریخ 9 سے 25 اکتوبر 2026 کے درمیان ہے۔ متعلقہ ایئر لائن کے ذریعے 10 نومبر 2026 تک ایک بار بغیر اضافی فیس کے تاریخ تبدیل کروا سکتے ہیں۔
جو مسافر اپنی اصل منزل کے لیے مستقبل کی تاریخ پر دوبارہ بکنگ نہیں کرانا چاہتے وہ خلیج تعاون کونسل کے خطے میں متعلقہ ایئر لائن کے زیرِ خدمت کسی دوسرے مقام سے سفر کی بکنگ بھی کروا سکتے ہیں۔ تاہم یہ سہولت دستیابی سے مشروط ہوگی۔ایئر انڈیا نے کہا کہ مسافر مغربی ایشیا میں کسی متبادل مقام سے بھی سفر کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں اپنی پسند کے متبادل ہوائی اڈے تک پہنچنے کے انتظامات خود کرنا ہوں گے اور متعلقہ ویزا اور داخلے کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
ایئر انڈیا کے مسافر دبئی یا دوحہ سے آنے یا وہاں جانے کے لیے دوبارہ بکنگ کرا سکتے ہیں۔ جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے مسافروں کو ابوظہبی اور العین کے علاوہ بحرین اور دوحہ و دبئی اور کویت و مسقط کے علاوہ راس الخیمہ اور صلالہ و شارجہ سے سفر کی بکنگ کا اختیار دیا گیا ہے۔کمپنی نے مزید کہا کہ جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں وہ سفر نہ کرنے کی صورت میں مکمل رقم کی واپسی کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔
ایئر انڈیا نے کہا کہ وہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت سے مسافروں کو آگاہ کرتی رہے گی۔ کمپنی کی ترجیح متاثرہ مسافروں کی مدد کرنا اور ان کی پریشانی کم کرتے ہوئے سفر کے مناسب متبادل فراہم کرنا ہے۔ایئر انڈیا کے علاوہ انڈیگو اور آکاسا ایئر سمیت کئی دیگر ایئر لائنز نے بھی سعودی عرب کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔
پروازوں میں یہ خلل 10 اکتوبر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کے بعد پیدا ہوا ہے۔ بھارتی سفارت خانے کی جانب سے حملے میں زخمی ہونے والے ایک ہندوستانی شہری کی موت کی تصدیق کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔ادھر تنازع شدت اختیار کرنے کے ساتھ ہی یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت نے جمعہ کو حوثی ملیشیا پر عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 2 میزائلوں سے نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا۔ ملک کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی کے مطابق میزائل یمنیہ ایئرلائنز کے ایک طیارے کے قریب گرے جو قاہرہ کے لیے پرواز بھرنے کی تیاری کر رہا تھا۔