افغانستان: بم دھماکہ ۔خواتین و بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-06-2021
ایک اور دھماکہ
ایک اور دھماکہ

 

 

کابل: افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے خواتین و بچوں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔ بم کے ذریعے بس کو نشانہ بنانے کا واقعہ مغربی صوبے بادغیس میں پیش آیا، جس سے امریکی فوج کے افغانستان سے مکمل انخلا سے قبل کشیدگی میں اضافے کا خدشہ بڑھا ہے۔کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ تاہم بادغیس کے گورنر حسام الدین شمس نے طالبان پر بم نصب کرنے کا الزام عائد کیا۔

طالبان کی جانب سے اس الزام پو کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔صوبے کے ایک اور عہدیدار خداداد طیب نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کا نشانہ بننے کے بعد بس کھائی میں جاگری۔ ریسکیو حکام تاحال کھائی میں لاشیں تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں اکثر بم سرکاری و فوجی قافلوں کو ہدف بنانے کے لیے نصب کیے جاتے ہیں لیکن بعض اوقات عام شہری بھی ان کا نشانہ بن جاتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے سرکاری فورسز اور طالبان دونوں سے کئی بار شہریوں کی حفاظت کے لیے احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے کہا کہ رواں سال کے پہلے تین ماہ میں دہشت گردی کے واقعات میں ایک ہزار 783 شہری ہلاک یا زخمی ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 29 فیصد اضافہ ہے۔ رواں ہفتے کابل میں مسافر بسوں کو تواتر سے نشانہ بنایا گیا ہے۔