افغان آرٹسٹ اورموسیقاراہل خانہ کے ہمراہ پشاور پہنچے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
افغان آرٹسٹ اورموسیقاراہل خانہ کے ہمراہ پشاور پہنچے
افغان آرٹسٹ اورموسیقاراہل خانہ کے ہمراہ پشاور پہنچے

 

 

پیشاور: افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے بعد 50 سے زائد افغان آرٹسٹ اور موسیقار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پشاور پہنچ گئے اور کہا کہ پاکستان آتے ہوئے راستے میں کسی نے انہیں نقصان نہیں پہنچایا اور نہ دھمکی دی۔

ذرائع  کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے اکثر افغان آرٹسٹ اور موسیقار چمن، اسپن بولدک اور پاک-افغان سرحد کے دیگر راستوں سے پشاور کا رخ کر رہے ہیں۔

ایک سینئر افغان لوک آرٹس نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ وہ آرٹسٹ جو سابق افغان حکومت کے زیر انتظام ریڈیو اور ٹی وی چینلوں میں کام کر رہے تھے، طالبان کے قبضے سے قبل ہی جہازوں کے ذریعے ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیکن جو غریب اور ضرورت مند ہیں وہ پیچھے رہ گئے ہیں اور ان کی طرح بہت سے آرٹسٹ پشاور اور کوئٹہ کو محفوظ مقامات کے طور پر ترجیح دے رہے ہیں۔

ایک اور لوک گلوکار کا کہنا تھا کہ بہت سے نوجوان افغان فنکار اور موسیقار پشاور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑے ہیں بلکہ بنیادی موسیقی بھی یہاں کے مقامی استادوں سے سیکھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور فنکاروں کے متعدد گروپ اس امید سے افغانستان واپس گئے تھے کہ امریکی حمایت یافتہ حکومت ان کی مالی معاونت کرے گی لیکن بدقسمتی سے وہ اب بھی محروم ہیں۔

ایک خاتون افغان فنکار نے کہا کہ 'ہم نے کباڑی مارکیٹ میں کمرے اور اس کے ساتھ چھوٹے رہائشی مکان کرائے پر لیے ہیں، بہت سے فنکار کابل، جلال آباد اور دیگر شہروں میں مقیم تھے، ہمیں کسی نے دھمکی نہیں دی، لیکن موسیقی کا مستقبل تاریک ہونے کی وجہ سے افغان فنکاروں نے خود کو حفاظت اور موسیقی کے منصوبے کے پیش نظر واپس پشاور آنے کا فیصلہ کیا۔

کے پی ہنری تولنہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر راشد خان نے متعدد افغان فنکاروں کے پشاور آنے اور کے پی کے محکمہ ثقافت سے انہیں دوبارہ رہائش اور افغان موسیقار گروپ کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مدد کی درخواست کی تصدیق کی۔

راشد خان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران 50 سے زائد افغان فنکار اور موسیقار اپنے خاندانوں کے ہمراہ مختلف سرحدی راستوں سے پشاور پہنچے ہیں اور ہماری تنظیم نے صرف درجن بھر افراد کو رجسٹرڈ کیا ہے کیونکہ دیگر کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے متعدد کو ہم جانتے ہیں لیکن قواعد کے مطابق جب تک متعلقہ حکام انہیں کلئیر نہیں کر دیتے ہم انہیں رکنیت نہیں دے سکتے۔

حال ہی میں پشاور پہنچنے والے ایک افغان رباب بجانے والے فنکار نے اس تاثر کو زائل کیا کہ طالبان نے فنکاروں کو ملک بدر کیا، انہوں نے کہا کہ کابل چھوڑنے کا فیصلہ دارالحکومت اور دیگر جگہوں پر کشیدہ حالات کے دوران کیا گیا۔