نیویارک کی تاریخ میں پہلی فلسطینی نژاد خاتون سینیٹر منتخب۔

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2026
نیویارک کی تاریخ میں پہلی فلسطینی نژاد خاتون سینیٹر منتخب۔
نیویارک کی تاریخ میں پہلی فلسطینی نژاد خاتون سینیٹر منتخب۔

 



نیویارک: فلسطینی نژاد امریکی سیاست داں عبیر قواس نے نیویارک اسٹیٹ سینیٹ کی تاریخ میں پہلی فلسطینی اور پہلی مسلم خاتون سینیٹر بن کر تاریخ رقم کردی ہے۔ انہوں نے 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں 74.5 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی درج کی۔

34 سالہ عبیر قواس نیویارک کے علاقے کوئنز کے ڈسٹرکٹ 12 کی نمائندگی کریں گی۔ اس علاقے میں عرب نژاد امریکیوں کی بڑی آبادی رہتی ہے۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں فلسطینی نژاد اور مسلم خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

عبیر قواس ڈیموکریٹک سوشلسٹ نظریات کی حامل ہیں اور ان کی انتخابی مہم میں نیویارک کے میئر زہران ممدانی اور ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ نے حمایت کی تھی۔ ان کی مہم میں سستے مکانات کی فراہمی۔ صحت کی سہولیات۔ عوامی ٹرانسپورٹ اور فلسطینی حقوق کے تحفظ جیسے مسائل نمایاں رہے۔

عبیر قواس کے والد 1948 میں فلسطین سے بے گھر ہوئے تھے جبکہ ان کی والدہ کو 1967 میں اپنا گھر چھوڑنا پڑا تھا۔ ان کے والدین بعد میں اردن میں آباد ہوئے اور پھر 1990 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہوگئے۔

عبیر قواس نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز تارکین وطن کے حقوق اور شہری آزادیوں کے لیے کام کرتے ہوئے کیا۔ نوجوانی میں انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم طلبہ کے تعلیمی حقوق کے لیے بھی آواز اٹھائی تھی۔

انہوں نے اپنے انتخابی منشور میں فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کو اہم مقام دیا۔ وہ 2023 میں زہران ممدانی کے ساتھ مل کر ایک ایسے بل کی تیاری میں بھی شامل تھیں جس کا مقصد نیویارک کی غیر منافع بخش تنظیموں کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کی حمایت سے روکنا تھا۔

عبیر قواس نے کہا ہے کہ ان کی اولین ترجیح اس بل کو دوبارہ آگے بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق انتخابی کامیابی کے بعد اصل چیلنج قانون ساز قیادت کی سیاسی آمادگی حاصل کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی اور امریکی عوام کی روزمرہ ضروریات ایک دوسرے سے الگ نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو انسانی حقوق اور فلسطینیوں کی حمایت پر مبنی سیاست کے لیے عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیا ہے۔