عبدالغنی برادر کی موت کی افواہوں کی تردید

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-09-2021
نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر
نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر

 

 

کابل: کل سے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا تھا کہ طالبان کے ایک سینئر لیڈراور نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کی موت ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر زبردست افواہوں کا بازار گرم رہا جس کے بعد آج طالبان نے اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ان کا ایک آڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم نے ٹوئٹر پر عبدالغنی برادر کا پشتو میں صوتی پیغام جاری کیا، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’چند بری افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ افواہوں کے وقت سفر میں تھے اس لیے جلد تردید نہ کرسکے۔ ’الحمد اللہ ہم سب صحت مند ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ عبدالغنی بردار طالبان تحریک کے رہنما ملا ہبت اللہ سے مشاورت کے لیے قندھار پہنچے ہیں۔

 اس سے قبل ان کے بارے میں افواہیں تھیں کہ حقانی نیٹ ورک کے رہنما انس حقانی کے ساتھ ایک جھڑپ میں وہ ہلاک جبکہ انس زخمی ہوئے ہیں۔ طالبان ذرائع تصاویر کے ذریعے انس حقانی کے زخمی ہونے کی تردید کر رہے ہیں۔

 ملا عبدالغنی برادر کے ترجمان مولوی موسیٰ کلیم نے بھی ایک بیان میں اس خبر کو ’بے بنیاد‘ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔