اے ایم یو ویمنس کالج کے سوئمنگ پول میں تیراکی کی سرگرمیوں کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-05-2026
اے ایم یو ویمنس کالج کے سوئمنگ پول میں تیراکی کی سرگرمیوں کا آغاز
اے ایم یو ویمنس کالج کے سوئمنگ پول میں تیراکی کی سرگرمیوں کا آغاز

 



 علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ویمنس کالج کے سوئمنگ پول میں تیراکی کی سرگرمیوں کا باضابطہ افتتاح کیا اور اس سہولت کو خواتین کے بااختیار بنانے۔ خود اعتمادی اور خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ تیراکی سیکھنے سے خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک معیار کا یہ سوئمنگ پول طالبات کو محفوظ ماحول میں بین الاقوامی سطح کی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے شیخ عبداللہ المعروف پاپا میاں کے خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ طالبات کے لیے سوئمنگ پول قائم کرنا چاہتے تھے تاکہ وہ بھی برطانیہ کی طالبات کی طرح تیراکی سیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اس سہولت میں تیراکی کی سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ان کا خواب حقیقت میں تبدیل ہو گیا ہے۔

وائس چانسلر نے تیراکی کے جسمانی۔ ذہنی اور تعلیمی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تناؤ۔ بے چینی اور ڈپریشن کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ جسمانی صحت اور توجہ میں بھی بہتری لاتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طالبات پر زور دیا کہ وہ تیراکی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس سہولت کو پوری طرح فعال رکھنے میں تعاون کریں۔

پروفیسر محمد محسن خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تیراکی نہ صرف ایک اہم کھیل ہے بلکہ ایک ایسی زندگی بخش مہارت بھی ہے جو جسمانی فٹنس اور ذہنی صحت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ اور ویمنس کالج کی کوششوں کو سراہا جن کی بدولت طالبات کے لیے دوبارہ تیراکی کی سرگرمیوں کا آغاز ممکن ہو سکا۔

مہمان خصوصی پرتکشا سنگھ جادون نے اس اقدام کو طالبات کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نہایت مفید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تیراکی جیسے کھیل نوجوان خواتین میں خود اعتمادی۔ نظم و ضبط اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتے ہیں۔

ویمنس کالج کے پرنسپل پروفیسر مسعود انور علوی نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تیراکی طلبہ میں نظم و ضبط۔ استقامت۔ اعتماد اور ذہنی نشوونما کو فروغ دیتی ہے۔

یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزمان خان نے بتایا کہ سوئمنگ پول کا سائز 50 ضرب 25 میٹر ہے اور یہاں دو خواتین کوچز اور دو لائف گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی سوئمنگ کلب کے صدر پروفیسر فضل الرحمن نے یونیورسٹی بلڈنگ ڈپارٹمنٹ اور لینڈ اینڈ گارڈن ڈپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سہولت کو فعال بنانے میں تعاون کیا۔

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر محمد عاصم ظفر۔ پراکٹر پروفیسر محمد نوید خان۔ پرووسٹ عبداللہ ہال پروفیسر شیبہ جیلانی۔ ممبر انچارج پبلک ریلیشنز آفس پروفیسر ویبھا شرما۔ صدر جمخانہ کلب و ڈپٹی پراکٹر پروفیسر عفت اصغر۔ یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ۔ ممبر انچارج لینڈ اینڈ گارڈن پروفیسر انور شہزاد اور اے ایم یو سینئر سیکنڈری اسکول گرلس کی پرنسپل محترمہ نغمہ عرفان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران طالبات سمیعہ۔ جاویریہ اور زائنا نے تیراکی کی مہارت کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔پروگرام کی نظامت محترمہ آمنہ بیگ نے انجام دی جبکہ ڈاکٹر نازیہ خان نے شکریہ ادا کیا۔

 علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے میسٹن سوئمنگ پول میں کھیلوں کی سرگرمیاں 11 مئی سے دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ مختلف زمروں کے صارفین کے لیے پہلے سے مقررہ اوقات کے مطابق سوئمنگ پول استعمال کیا جا سکے گا۔

صدر سوئمنگ پول پروفیسر فضل الرحمن کے مطابق پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے دن اسکولی طلبہ جماعت بارہویں تک شام 4 بجے سے 5 بجے تک۔ یونیورسٹی طلبہ 5 بجے سے 6 بجے تک اور یونیورسٹی ملازمین 6 بجے سے 7 بجے تک سوئمنگ پول استعمال کر سکیں گے۔

اتوار کے دن اسکولی طلبہ کے لیے صبح 7 بجے سے 8 بجے تک۔ یونیورسٹی طلبہ کے لیے 8 بجے سے 9 بجے تک اور یونیورسٹی ملازمین کے لیے 9 بجے سے 10 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ جمعہ کے دن سوئمنگ پول بند رہے گا۔

پروفیسر فضل الرحمن نے بتایا کہ سہولت حاصل کرنے کے لیے متعلقہ پرووسٹ۔ پرنسپل یا چیف میڈیکل آفیسر سے تصدیق شدہ درخواست فارم مقررہ فیس کے ساتھ سوئمنگ کلب دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔انہوں نے صارفین کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ قواعد پر عمل کریں اور سوئمنگ سہولت کے بہتر انتظام کے لیے نظم و ضبط برقرار رکھیں۔