خواتین کی فلاح و بہبود میں سیاسی اختلافات آڑے نہیں آنے چاہئیں: وجیا رہٹکر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2026
خواتین کی فلاح و بہبود میں سیاسی اختلافات آڑے نہیں آنے چاہئیں: وجیا رہٹکر
خواتین کی فلاح و بہبود میں سیاسی اختلافات آڑے نہیں آنے چاہئیں: وجیا رہٹکر

 



نئی دہلی: قومی کمیشن برائے خواتین (این سی ڈبلیو) کی چیئرپرسن وجیا رہٹکر نے کہا ہے کہ خواتین کی حفاظت اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کمیشن تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے، خواہ وہاں کسی بھی سیاسی جماعت کی حکومت ہو۔

خواتین کی فلاح و بہبود کے معاملے میں سیاسی اختلافات رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔ ریاستوں سے کارروائی کی رپورٹ حاصل کرنے میں کمیشن کو درپیش چیلنجز کے بارے میں پوچھے جانے پر رہٹکر نے کہا کہ خواتین کی حفاظت اور عزت ایسے معاملات ہیں جن پر ہر حکومت کو توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے ’پی ٹی آئی بھاشا‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا، ’’چاہے مرکزی حکومت ہو یا ریاستی حکومت، اقتدار میں کوئی بھی سیاسی جماعت ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ خواتین آبادی کا 50 فیصد حصہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کام کرنا ضروری ہے۔‘

‘ رہٹکر نے کہا کہ قومی کمیشن برائے خواتین مرکزی حکومت اور تمام ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اسے کئی ریاستی حکومتوں کے ساتھ تعاون میں کامیابی بھی ملی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم تمام حکومتوں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ کھلے دل سے بات چیت کرتے ہیں۔ ہمیں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے سب کو آگے آنا چاہیے۔‘‘