ریاض میں خواتین کے لئے موبائل بیوٹی پارلر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
ریاض میں خواتین کے لئے موبائل بیوٹی پارلر
ریاض میں خواتین کے لئے موبائل بیوٹی پارلر

 

 

ریاض

سعودی خاتون شادن القحطانی نے ریاض کے ایک محلے میں موبائل لیڈیز بیوٹی پارلر قائم کرکے خواتین کو خوش کردیا- یہ مملکت بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا موبائل پارلر ہے-

سعودی چینل کے پروگرام ’صباح السعودیہ‘ (صبح سعودی عرب) کو انٹرویو دیتے ہوئے القحطانی نے کہا کہ اسے موبائل بیوٹی پارلر کھولنے کا خیال وطن عزیز میں خواتین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو دیکھ کر آیا-

میں نے محسوس کیا کہ خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں انتھک محنت کررہی ہیں- مختلف قسم کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں- یقینا وہ وقتا فوقتا بیوٹی پارلر کی خدمات حاصل کرنا چاہتی ہوں گی- اگر یہ سہولت ان کی دہلیز تک پہنچا دی جائے تو اس سے انہیں آسانی ہوگی-

شادن القحطانی کا کہنا ہے کہ خواتین کے پاس آج وقت نہیں کہ وہ پارلر تک جائیں- شادن القحطانی کا کہنا ہے کہ دراصل خواتین کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ بیوٹی پارلر جانے کا پروگرام بنائیں- خصوصا ایسی خواتین کو جو کسی نہ کسی کاروبار یا ہنر سے جڑی ہوئی ہوں-

ان کے ذمے بچوں کی دیکھ بھال بھی ہوتی ہے- گھر کے کام بھی انجام دینا ہوتے ہیں- شادن القحطانی نے بتایا کہ دراصل بچپن ہی سے انہیں تزئین و آرائش اور فیشن کا شوق رہا ہے-

اسی وجہ سے مملکت کے اندر اور باہر فیشن اور تزئین و آرائش کے مختلف کورس کیے- مملکت کے متعدد علاقوں میں سوشل میڈیا پر ان دنوں ان کی دھوم مچی ہوئی ہے- القحطانی کا کہنا ہے کہ تجربے کی کمی کی وجہ سے انہیں بعض دشواریاں بھی پیش آئیں-

انہوں نے 20 برس کی عمر میں بیوٹی پارلر کا یہ تجربہ شروع کیا- علاوہ ازیں ڈیزائن، ٹیکنالوجی اور آپریشنل مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن کوئی مسئلہ ایسا نہیں جو حل نہ کیا جا سکتا ہو- (ایجنسی ان پٹ)