زیبا نسیم : ممبئی
مس یونیورس 2026میں مشرق وسطیٰ کی پانچ عرب حسینائیں عالمی مقابلے میں جلوہ گر ہوں گی۔ ان کا تعلق مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) کے خطے میں مصر، لبنان، عراق، تیونس اور اردن سے ہے۔ یہ حسینائیں 24 نومبر کو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقد ہونے والے مس یونیورس کے 75ویں مقابلے میں شرکت کریں گی ۔ خطے کو اب تک صرف ایک بار یہ عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے۔مس یونیورس کا 75واں مقابلہ باضابطہ طور پر منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس سال مقابلے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ یہ مس یونیورس کی 75ویں سالگرہ کا موقع ہے۔ دنیا بھر سے 116 امیدوار اس مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں سے کسی ایک کو 2025 کی مس یونیورس فاتح میکسیکو کی فاطمہ بوش تاج پہنائیں گی۔مس یونیورس دنیا کے معروف عالمی حسن کے مقابلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں ہر سال مختلف ملکوں کی خواتین اپنے ملک کی نمائندگی کرتی ہیں۔ گزشتہ برسوں میں مسلم اکثریتی ممالک نے بھی اس مقابلے میں اپنیحسینائیں بھیجنا شروع کی ہیں۔ ان میں بنگلہ دیش، پاکستان، بحرین، مصر، صومالیہ، ترکی، انڈونیشیا اور ملائیشیا جیسے ممالک شامل ہیں
دنیا کے معروف حسن کے مقابلوں میں شمار ہونے والے مس یونیورس کا انعقاد کئی دہائیوں سے کیا جا رہا ہے۔ اس مقابلے میں مختلف ممالک کی خواتین اپنی خوب صورتی، صلاحیتوں، اعتماد اور شخصیت کی بنیاد پر شرکت کرتی ہیں۔ وقت کے ساتھ اس مقابلے میں مختلف مذاہب، ثقافتوں اور معاشرتی پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی نمائندگی بھی بڑھی ہے۔ مسلم خواتین کی شرکت بھی اسی بدلتے ہوئے منظرنامے کا ایک اہم حصہ ہے۔۔ یہاں ایک اہم وضاحت ضروری ہے کہ کسی مسلم اکثریتی ملک کی نمائندگی کرنے والی خاتون کا مسلمان ہونا لازمی نہیں۔

اس بار مشرق وسطی سے جو حسینائیں حصہ لے رہی ہیں ان کے نام حسب ذیل ہیں ۔
سونیا جرجس: مصر سے تعلق اور اٹلی میں پرورش
دبئی میں مقیم سونیا جرجس پیشے کے اعتبار سے ریئل اسٹیٹ مینیجر ہیں۔ وہ مصر میں پیدا ہوئیں لیکن ان کی پرورش اٹلی میں ہوئی۔ انہوں نے مارکیٹنگ کی تعلیم حاصل کی ہے اور عربی کے علاوہ انگریزی اور اطالوی زبان پر بھی عبور رکھتی ہیں۔
سمانتھا سلیوا: سائبر سکیورٹی ماہر اور ماڈل
عراق سے تعلق رکھنے والی سمانتھا سلیوا کی پرورش کینیڈا میں ہوئی۔ وہ سائبر سکیورٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ماڈلنگ بھی کرتی ہیں۔ انہوں نے میکاٹرونکس انجینیئرنگ میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی وہ سرگرم رہی ہیں اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے ’نو لمیٹس‘ کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔
پرلا ہارب: مس لبنان
لبنان سے تعلق رکھنے والی پرلا ہارب بینکنگ اور فنانس کی گریجویٹ ہیں اور ماڈلنگ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔ انہوں نے 2025 میں مس لبنان کا خطاب حاصل کیا تھا۔ وہ خواتین کو بااختیار بنانے اور انٹرنیٹ پر محفوظ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی آواز اٹھاتی ہیں۔
سارہ براہمی: گلوکارہ اور سابق رگبی کھلاڑی
تیونس کی نمائندہ سارہ براہمی گلوکارہ اور اداکارہ ہونے کے ساتھ قومی رگبی ٹیم کی سابق کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے اولمپکس میں شرکت کے لیے ضروری تربیت حاصل کی ہے۔ وہ جسمانی صحت سے متعلق تعلیم کے علاوہ سائنس کے مختلف مضامین میں بھی ڈگریاں رکھتی ہیں۔
ڈیسٹینی عنبر: ڈیٹا انجینیئر اور گیمر
اردن سے تعلق رکھنے والی ڈیسٹینی عنبر ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اپنی شناخت ’دن کے وقت ڈیٹا انجینیئر اور رات کے وقت گیمر‘ کے طور پر کراتی ہیں۔ وہ مس یونیورس مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کے لیے پرعزم ہیں۔
مصباح ارشد: پاکستان کی نمائندہ امیدوار
مصباح ارشد اس سال مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ انہوں نے قومی لباس کے مرحلے میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کو خراج تحسین پیش کرکے اپنے ملک کی ثقافت اور شناخت کو اجاگر کیا۔یوں مس یونیورس 2026 میں یہ امیدوار اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کے ساتھ تعلیم، ٹیکنالوجی، کھیل، فنون اور سماجی سرگرمیوں میں اپنی دلچسپی اور صلاحیتوں کو بھی سامنے لا رہی ہیں۔
مس یونیورس میں عرب خطے کی واحد کامیابی

مس یونیورس کی تاریخ میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے کو اب تک صرف ایک مرتبہ یہ عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ کامیابی لبنان کی جورجینا رزق نے 1971 میں حاصل کی تھی۔انہوں نے امریکا کے شہر میامی بیچ میں منعقد ہونے والے مس یونیورس کے 20ویں مقابلے میں کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔ وہ لبنان اور پورے عرب خطے کی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے مس یونیورس کا تاج اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ وہ ایشیا کی چوتھی خاتون تھیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔جورجینا رزق کی کامیابی نے انہیں لبنان میں ایک ثقافتی علامت بنا دیا۔ ان کی تصویر پر ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ معروف موسیقار الیاس رحبانی نے ان کے اعزاز میں ایک گیت بھی ترتیب دیا۔اس کامیابی کو 55 برس گزر چکے ہیں لیکن اب تک خطے کی کوئی دوسری خاتون مس یونیورس کا تاج حاصل نہیں کرسکی۔ تاہم مختلف عرب ممالک کی خواتین مسلسل اس عالمی مقابلے میں اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتی رہی ہیں۔
خدیجہ عمر، حجاب کے ساتھ مس یونیورس کے عالمی اسٹیج پر
خدیجہ عمر کی شرکت کو مس یونیورس کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔ وہ 2024 میں صومالیہ کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی مقابلے میں شریک ہوئیں اور حجاب پہن کر اسٹیج پر آنے والی پہلی امیدوار بنیں۔خدیجہ عمر کی پیدائش کینیا کے علاقے داداب میں واقع ہگادیرا پناہ گزین کیمپ میں ہوئی تھی۔ ان کے والدین کا تعلق صومالیہ سے ہے۔ بہتر مستقبل کی تلاش میں ان کا خاندان کینیڈا منتقل ہوگیا جہاں خدیجہ نے تعلیم حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھایا۔
سال 2021 میں انہوں نے مس ورلڈ صومالیہ کا خطاب حاصل کیا اور 2022 میں مس ورلڈ کے مقابلے میں شرکت کی۔ اس مقابلے میں بھی وہ حجاب پہننے والی پہلی امیدوار تھیں۔بعد ازاں انہوں نے مس یونیورس کینیڈا 2024 میں حصہ لیا اور تیسری رنر اپ رہیں۔ اس کے بعد انہیں مس یونیورس صومالیہ 2024 کے لیے منتخب کیا گیا۔
نومبر 2024 میں میکسیکو میں منعقدہ مس یونیورس کے 73ویں مقابلے میں انہوں نے صومالیہ کی نمائندگی کی۔ ان کی موجودگی نے عالمی سطح پر حجاب اور مسلم خواتین کی نمائندگی کے موضوع کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کردیا۔خدیجہ عمر نے اپنی شناخت کو اپنی کمزوری کے بجائے اپنی شخصیت کا حصہ قرار دیا۔ ان کا سفر ان لڑکیوں کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنا جو اپنے مذہبی تشخص کے ساتھ عالمی سطح پر آگے بڑھنا چاہتی ہیں
مسلم خواتین کی شرکت اور مذہبی شناخت کا سوال
مس یونیورس میں مسلمان خواتین کی شرکت کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ اس موضوع کے کئی پہلو ہیں۔ ایک طرف ایسی خواتین ہیں جنہوں نے اپنی مذہبی شناخت کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا اور دوسری طرف ایسی خواتین ہیں جنہوں نے لباس اور مذہبی اقدار کے حوالے سے اپنی ترجیحات واضح کیں۔منیٰ جامع کا کفتان پہننا اور خدیجہ عمر کا حجاب کے ساتھ عالمی اسٹیج پر آنا اس سلسلے کی نمایاں مثالیں ہیں۔ ان دونوں واقعات نے یہ سوال اٹھایا کہ عالمی حسن کے مقابلوں میں خواتین کی نمائندگی کے لیے کیا لباس اور ظاہری وضع قطع کا ایک ہی معیار ہونا ضروری ہے؟یہ بھی حقیقت ہے کہ مسلم خواتین کے درمیان ان مقابلوں میں شرکت کے حوالے سے مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ بعض اسے ذاتی آزادی اور صلاحیتوں کے اظہار کا ذریعہ سمجھتی ہیں جبکہ بعض مذہبی حلقے لباس اور جسمانی نمائش کی بنیاد پر اس پر اعتراض کرتے ہیں۔ 2002 میں نسمہ محمد کی شرکت کے موقع پر بھی یہ اختلاف سامنے آیا تھا۔
بدلتا ہوا منظرنامہ
مس یونیورس میں مسلم خواتین کی شرکت کی تاریخ کسی ایک ملک یا ایک دور تک محدود نہیں۔ 2002 میں نسمہ محمد اور سیلی شاہین کی شرکت سے لے کر 2010 میں ریما فقیہ کی عالمی سطح پر شناخت اور 2024 میں خدیجہ عمر کے حجاب کے ساتھ اسٹیج پر آنے تک مختلف خواتین نے اپنے اپنے انداز میں اس سفر کو آگے بڑھایا ہے۔یہاں سب سے اہم بات یہ ہے کہ خدیجہ عمر مس یونیورس کے عالمی مقابلے میں حجاب پہننے والی پہلی امیدوار تھیں، لیکن وہ اس مقابلے میں حصہ لینے والی پہلی مسلمان خاتون نہیں تھیں۔ ان سے پہلے بھی مسلمان خواتین اس مقابلے میں شرکت کرچکی تھیں۔ان خواتین کی کہانیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ عالمی مقابلوں میں مذہبی، ثقافتی اور سماجی شناخت کے سوالات مسلسل زیر بحث رہے ہیں۔ ان کی شرکت اور تجربات اس بدلتی ہوئی دنیا کی عکاسی کرتے ہیں جہاں خواتین اپنی صلاحیتوں کے ساتھ اپنی شناخت کے اظہار کے مختلف راستے تلاش کر رہی ہیں۔