مونی بیگم / گوہاٹی
مالی خود مختاری کے لیے ہمیشہ بڑے سرمایہ یا کسی دکان اور جدید سہولیات کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ہنر اور تخلیقی صلاحیت کے ساتھ محنت اور لگن ہو تو گھر کے باورچی خانے کو بھی آمدنی کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔ آسام کے ضلع کامروپ کے رنگیا علاقے میں ایک ماں اور بیٹی نے اپنے گھریلو باورچی خانے سے کلاؤڈ کچن شروع کرکے اس کی مثال پیش کی ہے۔رنگیا کے علاقے سہان کی رہنے والی رابینہ سلطانہ اور ان کی بیٹی سلیمہ راجی نے تقریباً 3 ماہ قبل محض 10 ہزار روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری سے ’’گھر کا سُواد‘‘ کے نام سے اپنا کلاؤڈ کچن شروع کیا تھا۔ آج یہ دونوں روزانہ 1000 سے 1500 روپے تک کما رہی ہیں۔ رنگیا جیسے نیم شہری علاقے میں جہاں کلاؤڈ کچن کا تصور ابھی نیا ہے وہاں ان کی یہ چھوٹی سی پہل خواتین کے لیے گھر بیٹھے روزگار حاصل کرنے کی ایک مثال بن گئی ہے۔
ماں بیٹی نے اس کاروبار کا آغاز ان لوگوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جو ملازمت یا گھریلو مصروفیات کے باعث روزانہ کھانا تیار کرنے کے لیے وقت نہیں نکال پاتے۔ ان کا مقصد لوگوں کو گھر کے باورچی خانے میں تیار کیا گیا کھانا فراہم کرنے کے ساتھ اپنے لیے آمدنی کا ایک مستقل ذریعہ پیدا کرنا تھا۔رابینہ سلطانہ نے آواز دی وائس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے علاقے میں کلاؤڈ کچن کا تصور ابھی بالکل نیا ہے۔ ان کے مطابق کام کی مصروفیات کے باعث بہت سے لوگوں کے لیے وقت پر کھانا تیار کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ملازمت پیشہ افراد اور گھریلو ذمہ داریاں نبھانے والی خواتین کو بھی اکثر اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی ضرورت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے یہ کاروبار شروع کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اب اس کاروبار سے انہیں ماہانہ تقریباً 40 ہزار روپے تک کی آمدنی ہورہی ہے۔
.jpg)
’’گھر کا سُواد‘‘ اس بات کی مثال ہے کہ کھانا پکانے کے ہنر کو معمولی سرمایہ لگا کر کاروبار میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ کھانے کے ضیاع سے بچنے کے لیے ماں بیٹی پہلے گاہکوں سے آرڈر لیتی ہیں اور پھر اسی حساب سے ضروری اشیا خرید کر کھانا تیار کرتی ہیں۔ گھر میں ہی کریانے کی دکان ہونے کی وجہ سے انہیں سامان کی فراہمی میں بھی آسانی رہتی ہے۔ رشتہ داروں اور دوستوں کے مشوروں اور اہل خانہ کی حوصلہ افزائی نے بھی انہیں یہ کام شروع کرنے میں مدد دی۔ان کے کاروبار کا پہلا آرڈر ایک مقامی کالج کے طالب علم نے دیا تھا جس نے پراٹھے روٹیاں اور تلی ہوئی سبزی منگوائی تھی۔ یہی آرڈر ان کے کاروبار کا نقطہ آغاز ثابت ہوا۔ بعد ازاں گاہکوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنے مینو میں مزید کھانے شامل کیے۔ اب ان کے گاہکوں میں سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے علاوہ اسکول اور کالج کے طلبہ بھی شامل ہیں۔
ان کے مینو میں چکن قسہ چکن پکوڑا چکن مسالہ پیازہ چکن مٹن قسہ پنیر ٹکہ پنیر ملائی پنیر پکوڑا فرائیڈ آلو آلو دم مکس سبزی فرائی اور دال فرائی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انڈے اور چکن کے رول سادہ چاول پلاؤ فرائیڈ رائس چکن فرائیڈ رائس ایگ فرائیڈ رائس انڈہ بریانی اور چکن بریانی بھی دستیاب ہیں۔رابینہ سلطانہ کے مطابق گاہک فون واٹس ایپ یا ان کے انسٹاگرام پیج کے ذریعے کھانے کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ کھانا تیار ہونے کے بعد ان کے گھر والے اس کی ڈیلیوری کرتے ہیں۔ رنگیا کے اندر ڈیلیوری کے لیے عموماً کوئی اضافی رقم نہیں لی جاتی جبکہ نلباڑی اور دیگر دور دراز علاقوں کے لیے فاصلے کے حساب سے ڈیلیوری چارج وصول کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رنگیا کے مختلف علاقوں کے علاوہ نلباڑی چاریالی اور جینتی پور سے بھی انہیں آرڈر مل چکے ہیں۔
.jpg)
گزشتہ 3 ماہ کے دوران کاروبار میں آرڈرز کی تعداد میں اتار چڑھاؤ رہا ہے تاہم تعطیلات کے دنوں میں مانگ بڑھ جاتی ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو کام کی مصروفیات کے باعث کھانا نہیں بنا پاتے ان کے لیے یہ کلاؤڈ کچن ایک سہولت بن رہا ہے۔ رابینہ کا کہنا ہے کہ کاروبار ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اسے علاقے کے مزید لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔کاروبار کے آغاز اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں سلیمہ راجی نے بتایا کہ انہوں نے صرف 10 ہزار روپے سے یہ کام شروع کیا تھا اور اب روزانہ تقریباً 1000 سے 1500 روپے تک کما رہی ہیں۔ ان کے مطابق بعض دنوں میں زیادہ آرڈر ملتے ہیں جبکہ بعض دنوں میں کم آرڈر آتے ہیں۔ تاہم گاہکوں کی پذیرائی اور حوصلہ افزائی انہیں مسلسل آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ وہ امید کرتی ہیں کہ مستقبل میں ان کا کاروبار مزید مقبول ہوگا۔
ماں بیٹی نے اپنے کھانا پکانے کے ہنر اور محنت کو آمدنی کے ایک ذریعہ میں تبدیل کیا ہے۔ انہوں نے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ کاروبار کو اس انداز میں جوڑا ہے کہ گھر سے کام کرتے ہوئے بھی مالی خود مختاری حاصل کی جاسکتی ہے۔ اہل خانہ کے تعاون سے وہ اپنی سہولت کے مطابق کام کرکے آمدنی حاصل کر رہی ہیں۔خواتین کی مالی خود مختاری کے حوالے سے رابینہ سلطانہ کا کہنا ہے کہ گھر میں رہ کر بھی اپنے ہنر کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کا کاروبار خاص طور پر خواتین کے لیے ایک اچھا موقع ہے کیونکہ وہ گھر کی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ اپنی آمدنی بھی حاصل کرسکتی ہیں۔ اس کے لیے ضروری نہیں کہ ابتدا ہی میں بڑی رقم سرمایہ کاری کی جائے۔ چھوٹے پیمانے پر کام شروع کرکے بھی روزگار کا راستہ بنایا جاسکتا ہے۔ ان کی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
.jpg)
رابینہ اور سلیمہ اب ’’گھر کا سُواد‘‘ کو مزید مقبول بنانے اور کاروبار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ ان کا مقصد صرف کچھ آمدنی حاصل کرنا نہیں بلکہ ایک مضبوط اور خود کفیل کاروبار قائم کرنا ہے۔ رابینہ کے مطابق وہ چاہتی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان کے کلاؤڈ کچن کے بارے میں جانیں اور آنے والے برسوں میں یہ کاروبار ایک بڑے ادارے کی شکل اختیار کرے۔رنگیا کے ایک گھریلو باورچی خانے سے شروع ہونےوالی یہ کہانی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ مالی خود مختاری کے لیے گھر سے باہر بڑے انتظامات ضروری نہیں۔ ہنر محنت حوصلے اور خاندان کے تعاون سے بھی روزگار کا نیا راستہ نکالا جاسکتا ہے۔ رابینہ سلطانہ اور سلیمہ راجی کی یہ کوشش نہ صرف ان کے لیے آمدنی کا ذریعہ بنی ہے بلکہ ان خواتین کے لیے بھی ایک مثال ہے جو گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ خود کفیل بننے کا خواب دیکھتی ہیں۔