بلوچستان: تاریخ میں پہلی بار تھانے میں خاتون ایس ایچ او تعینات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2022
بلوچستان: تاریخ میں پہلی بار تھانے میں خاتون ایس ایچ او تعینات
بلوچستان: تاریخ میں پہلی بار تھانے میں خاتون ایس ایچ او تعینات

 

 

کوئٹہ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک تھانے میں خاتون ایس ایچ او تعینات کی گئی ہیں۔

بلوچستان پولیس کی جانب سے سنیچر کی رات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق سب انسپکٹر ثوبیہ خانم کو ریگولر تھانہ کینٹ کوئٹہ میں بحیثیت ایس او تعینات کیا گیا ہے۔

وہ صوبے کی تاریخ میں کسی بھی ریگولر تھانے کی پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات ہوئی ہیں۔ اپنی تعیناتی پر ثوبیہ خانم نے آئی جی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے بلوچستان پولیس کا ماحول بہت اچھا ہے اور ہم قوم کی بیٹاں، بہنیں اور مائیں ہیں۔ بلوچستان پولیس میں اپنے فرائض کی ادائیگی میں ہر مشکل گھڑی کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گی اور جان بھی دینا پڑی تو دریغ نہیں کروں گی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) بلوچستان عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے خواتین ہر شعبے میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ان کی قابلیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

آئی جی بلوچستان نے مزید کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے اپنی قابلیت کو اجاگر کر رہی ہیں۔ بلوچستان پولیس میں بھی خواتین کو بلا خوف وخطر ایسا ماحول دینا ہماری اولین ترجیح ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی سے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ (ایجنسی)