ناگاؤں کی بیٹی نے 270 خواتین پولیس اہلکاروں کو پیچھے چھوڑ کر رقم کی کامیابی کی نئی تاریخ، والد کی معمولی پان کی دکان سے شروع ہونے والا سفر ملک کی ایلیٹ فورس تک پہنچا
نکنجا ناتھ / گوہاٹی
ملک کی سلامتی کے نظام میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کی ایک نمایاں مثال پیش کرتے ہوئے آسام کے ضلع ناگاؤں کی ثابینہ یاسمین نے نیشنل سکیورٹی گارڈ (این ایس جی) کے خواتین کمانڈو تربیتی پروگرام میں مجموعی طور پر اول مقام حاصل کیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کے لیے ملک کی اس ممتاز فورس میں خدمات انجام دینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے جو انسداد دہشت گردی اور انتہائی خطرناک آپریشنز کے لیے جانی جاتی ہے۔
آسام پولیس کی پہلی کمانڈو بٹالین میں تعینات خاتون کانسٹیبل ثابینہ یاسمین نے ہریانہ کے گروگرام میں مانیسر واقع این ایس جی ٹریننگ اکیڈمی میں منعقدہ پہلے مہیلا کمانڈو کنورژن کورس (MCCC-01) میں ملک کے مختلف حصوں سے آئی خواتین اہلکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس تربیتی پروگرام میں ملک بھر سے منتخب 270 خواتین پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا تھا۔ ثابینہ نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اہم اعزازات اپنے نام کیے۔ انہیں ’بیسٹ اوورآل ٹرینی‘ اور ’بیسٹ ان فزیکل‘ کے خطاب سے نوازا گیا۔
.webp)
آواز دی وائس سے گفتگو کے وقت ثابینہ یاسمین آسام پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبِ اعزاز میں شرکت کی تیاری کر رہی تھیں۔ اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا۔
’’اول مقام حاصل کرکے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ کامیابی مجھے مزید بلندیاں حاصل کرنے کی ترغیب بھی دے رہی ہے۔ اگر انسان پختہ عزم اور حوصلے کے ساتھ محنت کرے تو ہر منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ مجھے ملک کی بہترین انداز میں خدمت کرنے کی طاقت اور مواقع عطا فرمائے۔‘‘
این ایس جی کا یہ پہلا 12 ہفتوں پر مشتمل رہائشی تربیتی پروگرام اگست کے آخری دنوں میں شروع ہوا تھا اور 14 نومبر کو اختتام پذیر ہوا۔ اس تربیت میں سخت جسمانی مشقیں اور فٹنس کی تیاری، ہتھیاروں کے درست استعمال اور نشانہ بازی، حکمت عملی کے تحت کارروائی، یرغمالیوں کو آزاد کرانے کی مشقیں اور انسداد دہشت گردی کی خصوصی تکنیک شامل تھیں۔
تربیت کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد ان نئی کمانڈوز سے توقع ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستی پولیس یا مرکزی مسلح پولیس فورسز (CAPFs) میں واپس جاکر خدمات انجام دیں گی۔
ثابینہ یاسمین کو مبارکباد دیتے ہوئے آسام پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا۔
’’پہلی مہیلا کمانڈو کنورژن کورس میں ’بیسٹ اوورآل ٹرینی‘ اور ’بیسٹ ان فزیکل‘ کا اعزاز حاصل کرنے پر پہلی کمانڈو بٹالین کی خاتون پولیس کانسٹیبل ثابینہ یاسمین کو دلی مبارکباد۔‘‘

ثابینہ یاسمین کے والد احمد علی اپنی دکان پر
آسام پولیس نے مزید لکھا۔’’اس کورس میں ملک بھر سے منتخب 270 بہترین جسمانی صلاحیتوں کی حامل خواتین اہلکاروں نے حصہ لیا تھا۔ ثابینہ کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ انہوں نے جسمانی آزمائشوں میں اول مقام حاصل کرنے کے ساتھ مجموعی طور پر بھی پہلی پوزیشن حاصل کی۔‘‘’’انہوں نے آنے والے تربیتی بیچوں کے لیے کامیابی کا ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ بلاشبہ یہ آسام پولیس کے ہر فرد کے لیے فخر کا دن ہے۔‘‘
ثابینہ کی یہ کامیابی ان کی زندگی کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ وہ وسطی آسام کے ضلع ناگاؤں کے علاقے جوریہ کے گاؤں داگاؤں کی رہنے والی ہیں۔ ناگاؤں گرلز کالج سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پولیس فورس میں شمولیت اختیار کی۔
ان کے والد احمد علی ایک معمولی پان کی دکان چلاتے ہیں اور اسی کے ذریعے اپنے خاندان کی کفالت کرتے ہیں۔ ان کے خاندان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ثابینہ کی غیر معمولی کامیابی کے بعد داگاؤں اور پورے ناگاؤں ضلع میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
.webp)
ثابینہ یاسمین اپنی والدہ کے ساتھ
احمد علی نے فخر کے ساتھ بتایا کہ ثابینہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دور میں خانہ پارہ میں تقرری کا خط ملا تھا اور اس ملازمت کے حصول کے لیے خاندان کو ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرنا پڑا تھا۔
ناگاؤں پولیس ریزرو سے ثابینہ اور ان کے والد کو گاڑی کے ذریعے پورے احترام کے ساتھ لے جایا گیا تھا تاکہ وہ تقرری کا خط وصول کرسکیں۔ پولیس میں 5 سے 6 سال تک محنت اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دینے کے بعد ثابینہ کو این ایس جی کمانڈو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔
ان کی چھوٹی بہن اسمیتا بیگم بھی اس کامیابی سے بے حد خوش ہیں۔ پوسٹ گریجویٹ اسمیتا پیشے سے ٹیچر ہیں۔ انہوں نے کہا۔
’’یہ خبر سن کر ہم سب بہت خوش ہوئے۔ ہمیں اپنی بہن پر فخر ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: ملک سے نفرت ختم کرنا علما کی ذمہ داری ہے
ملک کی ممتاز انسداد دہشت گردی فورس این ایس جی میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ فورس عام طور پر ’بلیک کیٹس‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں خواتین کی شمولیت کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔
14 نومبر کو نئی دہلی میں منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ایس جی کے ڈائریکٹر جنرل نے اس تربیتی کورس کی کامیابی کو سراہا اور اسے خواتین کمانڈوز کی جرأت، ذہنی مضبوطی اور عزم کا ثبوت قرار دیا۔
انہوں نے خواتین کمانڈوز پر زور دیا کہ وہ جرأت، طاقت اور حوصلے کی علامت بنیں اور اس فورس کی اعلیٰ روایات اور اقدار کو برقرار رکھیں۔