ادھیڑ عمر خواتین کو ماڈل بنوانے والی ماڈل

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2021
ماڈلنگ کی دنیا کو نئے  رجحان سے متعارف کرانے والی گیتا جے
ماڈلنگ کی دنیا کو نئے رجحان سے متعارف کرانے والی گیتا جے

 

 

نئی دہلی

ماڈلنگ کے لئے عام طور پر کم عمر اور خوبصورت خواتین کو ہی مواقع دیے جاتے تھے لیکن گزشتہ چند سالوں کے دوران یہ رجحان تبدیل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے ماڈلنگ انڈسٹری میں جسمانی طور پر بہت زیادہ پرکشش نہ دکھائی دینے والی خواتین کو بھی مواقع فراہم کیے گیۓ ہیں۔ تاہم جنوبی ایشیائی ممالک اور خاص طور پر فیشن اور ماڈلنگ کے سب سے بولڈ ایشیائی انڈسٹری کا درجہ رکھنے والے ملک میں ایسا رواج دیکھنے میں نہیں ملتا ۔

فیشن اور ماڈلنگ کے لیے 20 سے 30 سال کی عمر کی گوری رنگت، پتلی اور دراز قدر لڑکیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور اسی سلسلے کو ختم کرانے کے لیے ایک زائد العمر خاتون نے مہم بھی شروع کردی، جس کے اب چرچے کیے جا رہے ہیں۔ 52 سالہ سابق استانی گیتا جے نے دو برس قبل فیشن اور ماڈلنگ انڈسٹری میں ادھیڑ عمر کی خواتین کو مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی، جس کے آج چرچے کیے جا رہے ہیں۔

 

سابق استانی گیتا جے نے 2 سال قبل جب زیر جامہ خریدنے کے لیے ہندوستان کی سب سے بڑی ویب سائٹ دیکھی تو وہاں انہیں اشتہارات میں تمام نوجوان لڑکیاں دکھائی دیں، جس سے وہ کافی مایوس ہوئیں۔ زیر جامہ کی تمام مصنوعات ہر عمر کی خواتین استعمال کرتی ہیں تاہم ایسی مصنوعات کے اشتہارات میں عام طور پر نوجوان اور پرکشش لڑکیوں کو دکھایا جاتا ہے اور اسی عمل پر گیتا جے مایوس ہوئیں اور انہوں نے آن لائن مہم شروع کرنے کا ارادہ کیا۔ گیتا جے نے 2 سال قبل ہی 50 سال کی عمر میں ماڈلنگ کرنے کا ارادہ کیا اور انہوں نے زائد العمری میں ماڈلنگ کرکے ہندوستان کی فیشن و ماڈلنگ انڈسٹری کی فرسودہ روایات کو توڑا۔

کمپنی کی چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) امیشا جین اور دیگر 2 افراد کے خلاف آن لائن مہم شروع کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ زیر جامہ کے اشتہارات میں 40 سال سے زائد عمر کی خواتین کو بھی مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے اپنی پٹیشن میں بتایا کہ زیر جامہ مصنوعات پر مبنی بھارتی انڈسٹری 32 ہزار کروڑ روپے کی سالانہ کمائی کرنے والی انڈسٹری ہے اور مذکورہ مصنوعات ہر عمر کی خواتین استعمال کرتی ہیں مگر ماڈلنگ میں صرف نوجوان لڑکیوں کو دکھایا جاتا ہے۔

 

زائدالعمر ماڈل کی جانب سے مذکورہ مہم شروع کیے جانے پر گیتا جے کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور 30 سال سے زائد عمر کی خواتین ان کی حمایت کر رہی ہیں۔ اگرچہ ان کی شروع کی گئی پٹیشن پر 25 مارچ تک 12 ہزار خواتین نے ان کی حمایت کی تھی تاہم ان کی جانب سے مہم شروع کیے جانے سے قبل زیر جامہ لباس تیار کرنے والی کمپنی نے ان کی تجاویز پر انہیں بتایا تھا کہ اگر ان کے پاس زائد العمر خواتین کی ماڈلز موجود ہیں تو وہ ان کے نام اور دیگر تفصیلات کمپنی کو دے دیں، وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ مذکورہ مہم شروع کیے جانے کے بعد 52 سالہ گیتا جے کو کافی شہرت ملی اور انہیں متعدد برانڈز نے نہ صرف اپنی ملبوسات بلکہ زیر جامہ کی تشہیر کے لیے بھی منتخب کیا۔