حیدرآباد:مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے ریسرچ اسکالر کونڈاویٹی گوپی نے تلنگانہ کے ضلع میڑچل–ملکاجگیری میں قبل از تاریخ چٹانی فن پاروں کے نایاب نمونے دریافت کیے ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ نقوش تقریباً 2,500 سے 5,000 سال قدیم ہو سکتے ہیں۔ یہ دریافت ریاست کے قدیم تہذیبی اور تاریخی ورثے کے مطالعے میں اہم اضافہ قرار دی جا رہی ہے۔
یہ چٹانی پینٹنگس ضلع میڑچل–ملکاجگیری کے شاہ میرپیٹ منڈل کے پونّال گاؤں کے جنگلاتی علاقے میں ایک بڑی گرینائٹ چٹان کے اندر قدرتی طور پر بننے والی پناہ گاہ کے بالائی حصے میں پائی گئی ہیں۔ انہیں سرخ رنگ سے بنایا گیا ہے۔
ابتدائی تجزیے کے مطابق ان پینٹنگس کا تعلق میسولیتھک، نیولیتھک، چلکولیتھک، میگالتھک اور ابتدائی تاریخی ادوار سے ہو سکتا ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی درست عمر اور تاریخی حیثیت متعین کرنے کے لیے مزید سائنسی تحقیق ضروری ہے۔
ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعاتِ دکن کی ڈائریکٹر پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی کے مطابق یہ دریافت مانو کے ریسرچ اسکالر کونڈاویٹی گوپی اور آزاد محقق محمد نصیرالدین نے مقامی گائیڈ سنگامیش کے تعاون سے کی ہے۔
.webp)
انسانی زندگی اور شکار کے مناظر کی عکاسی
چٹانی پینٹنگس میں انسانی اشکال، شکار کے مناظر اور مختلف جنگلی جانوروں کی تصویریں نمایاں ہیں۔ ان میں ہرن، جنگلی بھینس اور بیل سمیت دیگر جانوروں کے نقوش بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف ہندسی اشکال اور تجریدی ڈیزائن بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
یہ نقوش قبل از تاریخ انسانی معاشروں کے طرزِ زندگی، فنّی صلاحیتوں اور قدرتی ماحول کے ساتھ ان کے تعلق کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ بالخصوص شکار کے مناظر سے اس دور کے انسانوں کے شکار کے طریقوں، اجتماعی زندگی اور معاش کے ذرائع کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔
ستاروں، سورج اور ڈمرو سے مشابہ علامات
ان چٹانی نقوش میں کئی منفرد ہندسی اور تجریدی علامات بھی دریافت ہوئی ہیں۔ ان میں ستارے یا سورج سے مشابہ نشانات، چاروں طرف حلقوں والے مربع نما ڈیزائن، ریت کی گھڑی اور ڈمرو جیسی شکلیں، نیز خم دار اور ٹیڑھی میڑھی لکیریں شامل ہیں۔ محققین کے لیے یہ علامات قدیم انسانوں کے فن، علامتی اظہار اور فکری تصورات کے مطالعے کا اہم ذریعہ بن سکتی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ میرپیٹ کے پونّال گاؤں کو مقامی آبادی میں مذہبی اہمیت بھی حاصل ہے، جہاں لوگ شری گنڈی چترمّا کی پوجا کرتے ہیں۔
.webp)
قدیم ورثے کے تحفظ کی اپیل
کونڈاویٹی گوپی دریائے گوداوری کے طاس کی میگالتھک تہذیب پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے مرکز برائے مطالعاتِ دکن میں تحقیق کر رہے ہیں۔
محققین نے محکمہ آثارِ قدیمہ، ریاستی محکمہ ورثہ اور محکمہ جنگلات سے اپیل کی ہے کہ اس مقام کا جامع سروے کرایا جائے، چٹانی پینٹنگس کی ڈیجیٹل دستاویز بندی کی جائے اور ان کا سائنسی مطالعہ کیا جائے۔ انہوں نے ان نادر تاریخی نقوش کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
محققین کے مطابق یہ دریافت تلنگانہ کے قبل از تاریخ آثار اور تہذیبی ورثے کی تحقیق میں ایک اہم پیش رفت ہے۔واضح رہے کہ کونڈاویٹی گوپی اس سے قبل بھی ضلع بھدادری کتہ گوڑم میں قبل از تاریخ چٹانوں پر بنائی گئی پینٹنگس کے نمونے دریافت کر چکے ہیں۔