اگرتلہ:تریپورہ کے کدم تلہ کے سینئر استاد مولانا ابو نصر عبدالرؤف کو تعلیم۔ سماجی خدمت اور عوامی فلاحی سرگرمیوں میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ’استاد رتن ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔یہ اعزاز مغربی بنگال کی آشا فاؤنڈیشن کی جانب سے یوم اساتذہ کے موقع پر دیا گیا۔ مولانا ابو نصر عبدالرؤف تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے جس کے باعث فاؤنڈیشن نے ایوارڈ کا سرٹیفکیٹ اور دیگر اعزازی اشیا ڈاک کے ذریعے ان تک پہنچائیں۔ حال ہی میں الہلال کے ذمہ داران نے باضابطہ طور پر یہ اعزاز مولانا ابو نصر عبدالرؤف کے حوالے کیا۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد مولانا ابو نصر عبدالرؤف نے کہا کہ اس طرح کے اعزازات تعلیم اور سماجی بہبود کے کاموں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے حوصلہ فراہم کرتے ہیں۔مولانا ابو نصر عبدالرؤف کا تعلق تریپورہ سے ہے اور انہوں نے کئی برس تک تریپورہ حکومت کے تحت بحیثیت استاد خدمات انجام دیں۔ وہ شمالی تریپورہ ضلع کے کدم تلہ ہائر سیکنڈری اسکول اور باغان ہائر سیکنڈری اسکول سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ آسام اور تریپورہ کی سرحد سے متصل کٹھتللی گاؤں میں مقیم ہیں۔

تدریس کے ساتھ ساتھ مولانا ابو نصر عبدالرؤف صحافت اور ادبی سرگرمیوں سے بھی وابستہ ہیں۔ وہ ماہنامہ الہلال کے مدیر ہیں۔ یہ رسالہ تعلیم۔ ادب۔ سماجی بیداری اور مفاد عامہ سے متعلق مختلف موضوعات کو اجاگر کرتا ہے۔مولانا عبدالرؤف طویل عرصے سے مذہبی۔ تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں میں فعال ہیں۔ وہ مختلف عوامی فلاحی کاموں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں۔ ان کی سماجی اور عوامی خدمات کے اعتراف میں انہیں اس سے قبل بھی متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔
اس موقع پر ریٹائرڈ استاد الحاج ماسٹر عبدالصبور۔ کرتی ایچ ایس فاضل مدرسہ کے قائم مقام ہیڈ ماسٹر مولانا قاضی عبدالقیوم۔ دارس ثقافات الاسلامیہ کٹھتللی کے مہتمم مولانا محمد ریاض الدین الجلیلی۔ کٹھتللی بازار جامع مسجد کے امام مولانا مفتی عبدالقیوم اور دیگر معززین موجود تھے۔تقریب میں اسکول ماسٹر دلاور حسین۔ حافظ احمد حسن آف عاصم گنج سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب آسام اور تریپورہ کے درمیان زبان۔ ثقافت اور سماجی تعلقات کے باہمی رشتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی اہم رہی۔