جنم اشٹمی اور گنپتی : ممبئی میں مخدوم شاہ بابا درگاہ پر ’سلامی‘، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوبصورت روایت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2026
جنم اشٹمی اور گنپتی : ممبئی میں مخدوم شاہ بابا درگاہ پر ’سلامی‘، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوبصورت روایت
جنم اشٹمی اور گنپتی : ممبئی میں مخدوم شاہ بابا درگاہ پر ’سلامی‘، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی خوبصورت روایت

 



 ممبئی: ہندوستان میں ہر تہوار ملک کی یک جہتی اور گنگا جمنی تہذیب کی گواہی دیتا ہے،تہوار خواہ کسی کا بھی ہو مگر اس میں ہر مذہب کے ماننے والے شریک ہوتے ہیں یا احترام کرتے ہیں ۔ ایسی ہی ایک انوکھی مثال  ممبئی میں جنم اشٹمی کے ساتھ گنپتی کے موقع پر بھی ملتی ہے، جہاں دہی ہانڈی مقابلوں میں حصہ لینے والے کئی گووند پاتھک مقابلے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے ماہم کی تقریباً 600 سال قدیم حضرت مخدوم شاہ بابا درگاہ پر حاضری دیتے ہیں۔ سلامی پیش کرکے بزرگ کی دعائیں لیتے ہیں۔ یہ روایت مذہبی عقیدت کے ساتھ ساتھ ممبئی کی گنگا جمنی تہذیب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک خوبصورت مثال بھی بن گئی ہے۔

دراصل 2014 سے ہر سال نوجوان گوونداؤں کی ٹیمیں دہی ہانڈی مقابلوں سے قبل درگاہ پر پہنچتی ہیں۔ ٹیم کے ارکان درگاہ کے باہر انسانی اہرام بناتے ہیں، تاہم یہاں مقصد دہی ہانڈی پھوڑنا نہیں بلکہ حضرت مخدوم شاہ بابا کو سلامی پیش کرنا ہوتا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں گوونداؤں کو اجتماعی طور پر ’’مخدوم شاہ بابا کی جے‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔یہ روایت کووڈ وبا کے دور کو چھوڑ کر کئی برسوں سے جاری ہے اور اس کا مقصد مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان محبت، بھائی چارے اور باہمی احترام کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔

درگاہ انتظامیہ کی جانب سے استقبال

درگاہ ٹرسٹ کی جانب سے گوونداؤں کا پرتپاک استقبال کیا جاتا ہے۔ ٹرسٹ کے ذمہ دار خود ٹیموں کے ارکان کو ہار پہناتے ہیں جبکہ ان کے لیے refreshments کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ ٹیموں کے سربراہان کو درگاہ کے اندر لے جایا جاتا ہے، جہاں وہ حضرت مخدوم شاہ بابا سے دعا اور برکت حاصل کرتے ہیں، جبکہ باقی ارکان مزار کے دروازے پر سلامی پیش کرتے ہیں۔

ممبئی کی تہذیبی یکجہتی کی علامت

اس روایت میں ممبئی کے متنوع ثقافتی اور مذہبی رنگ نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ بعض گووند پاتھک کے ارکان شیوسینا سے وابستہ راہل کنال کی تنظیم سے متعلق ٹی شرٹس پہنے بھی نظر آئے۔ ان کی درگاہ آمد اس بات کی علامت سمجھی جاتی ہے کہ مختلف برادریاں اپنے اپنے مذہبی تہواروں کے باوجود ایک دوسرے کے عقائد اور روایات کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ خوشیوں میں شریک ہو سکتی ہیں۔درگاہ ٹرسٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ریل میں اس روایت کو ہندوستانی ثقافت کی خوبصورتی قرار دیتے ہوئے امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام بتایا گیا۔

گنپتی کے موقع پر بھی درگاہ پر حاضری

یہ روایت صرف جنم اشٹمی تک محدود نہیں۔ گنپتی تہوار کے دوران بھی کئی منڈل اور وسرجن کے لیے جانے والے عقیدت مند چند لمحوں کے لیے حضرت مخدوم شاہ بابا کی درگاہ پر رک کر سلامی پیش کرتے ہیں۔ درگاہ انتظامیہ کے مطابق ایسی سرگرمیاں مذہبی رواداری، امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیغام عام کرتی ہیں اور ممبئی کے اس منفرد تہذیبی مزاج کو اجاگر کرتی ہیں، جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے ہیں۔

کون تھے حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمیؒ: 

حضرت مخدوم فقیہ علی مہائمیؒ ممبئی کے ماہم میں مدفون ایک عظیم صوفی بزرگ اور جید شافعی عالم تھے۔ وہ مخدوم علی مہائمی کے نام سے بھی معروف ہیں۔ ان کی شخصیت نے علم و عرفان اور تصوف کے میدان میں گہری چھاپ چھوڑی۔ انہیں پندرہویں صدی کے ممتاز شافعی علما میں شمار کیا جاتا ہے اور ہندوستان میں قرآن مجید کی تفسیر لکھنے والے ابتدائی علما میں بھی ان کا نام نمایاں ہے۔

حضرت مخدوم علی مہائمیؒ کی ولادت 1372ء میں 10 محرم الحرام 778ھ کو ماہم میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی زندگی علم دین کی ترویج اور روحانی تربیت کے لیے وقف کردی۔ ان کی علمی تصانیف اور فتاویٰ آج بھی علمی حلقوں میں اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں علمی گہرائی کے ساتھ روحانی فیض بھی نمایاں تھا جس نے انہیں اپنے دور کی ایک بااثر مذہبی شخصیت بنا دیا۔

ماہم میں واقع ان کی درگاہ آج بھی عقیدت مندوں کے لیے ایک اہم روحانی مرکز ہے۔ اس درگاہ سے جڑی ایک منفرد روایت نے اسے ممبئی کی تہذیبی تاریخ میں بھی خاص مقام عطا کیا ہے۔ ہر سال ہونے والے عرس اور میلے کا آغاز ممبئی پولیس کی جانب سے سلامی پیش کرنے اور پہلا صندل پیش کرنے کی روایت سے ہوتا ہے۔ یہ روایت ایک صدی سے زیادہ پرانی بتائی جاتی ہے اور آج بھی برقرار ہے۔

ماہم درگاہ سے ممبئی پولیس کا یہ تعلق شہر کی مشترکہ تہذیبی روایت کی ایک نمایاں مثال سمجھا جاتا ہے۔ پولیس کی جانب سے سلامی پیش کرنے اور چادر چڑھانے کی روایت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ صوفی مزارات نے طویل عرصے تک مذہبی حدود سے آگے بڑھ کر مختلف طبقات کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے۔حضرت مخدوم علی مہائمیؒ نے 7 فروری 1432ء کو ماہم ہی میں وفات پائی اور وہیں مدفون ہوئے۔ آج صدیوں بعد بھی ان کا نام ماہم کی مذہبی اور تہذیبی شناخت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ان کی درگاہ نہ صرف عقیدت مندوں کے لیے روحانی مرکز ہے بلکہ ممبئی کی گنگا جمنی تہذیب اور مشترکہ ورثے کی ایک زندہ علامت بھی ہے۔