صاحب اور سچن نے کیسے بچائی پورے خاندان کی جان- سنیں!خود'نیتو میم 'کی زبانی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-04-2026
صاحب اور سچن نے کیسے بچائی  پورے خاندان کی جان-  سنیں!خود'نیتو میم 'کی زبانی
صاحب اور سچن نے کیسے بچائی پورے خاندان کی جان- سنیں!خود'نیتو میم 'کی زبانی

 



آواز دی وائس/ نئی دہلی

 خوش رہو بیٹا خوش رہو۔ یہ ہیں سچن اور یہ ہیں سا حب ۔ ان دونوں نے ہمارے پورے خاندان کی جان بچائی ہے۔ میں دل سے ان کی شکر گزار ہوں۔

یہ الفاظ ہیں راجدھانی کی مشہور کوچنگ ٹیچر نیتو سنگھ عرف نیتو میم 'کے'- جنہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی دو ویڈیوز اپلوڈ کی ہیں،  جن میں اپنے گھر میں خوفناک اتش زدگی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے دو شاگرد سچن اور صاحب نے جان پر کھیل کر نہ صرف ان کے بیٹے بلکہ ان کی ماں کی زندگی  بچائی انہیں آگ اور دھوئیں میں سے نکال کر محفوظ مقام پر پہنچا یا جو کہ تیسری اور چوتھی منزل پر پھنس گئے تھے

 ایسی ہی ایک ویڈیو میں نیتو میم کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اور مجھے یہ بھی بتاؤ کہ میری ماں کو گود میں اٹھا کر نیچے کون لے کر آیا تھا۔  کیونکہ میری ماں شدید گھبراہٹ اور پریشانی میں تھیں اور ان کے پیر منجمد ہوگئے تھے، پھر تم نے انہیں تیسری منزل سے اپنی گود میں اٹھا کر نیچے پہنچایا۔ دھواں اتنا زیادہ تھا کہ مجھے صاف نظر بھی نہیں آ رہا تھا۔-

نیتو میم کی اس بات کو سننے کے بعد سچن ، صاحب کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ اس نے ہی ان کی والدہ کو گود میں لے کے تیسری منزل سے نیچے اتارا تھا

 نیتو میم اس ویڈیو میں مزید کہتے ہوئے نظر اتی ہیں کہ ---کس نے مجھے آواز دی تھی کہ میم آپ بس آ جائیں ہم ہیں نا آپ کو گرنے نہیں دیں گے۔ میں نے زندگی میں کبھی اس سیڑھی پر قدم نہیں رکھا تھا۔ وہاں شیشہ لگا ہوا تھا اس کو پار کرنا تھا پھر ایک بہت چھوٹی سی بالکنی میں پاؤں رکھ کر توازن بنانا تھا اور پھر اس سیڑھی سے نیچے اترنا تھا۔ اس نے مجھے مضبوطی سے پکڑا اور کہا کہ آپ بس الٹی ہو کر آ جائیں میں آپ کو گرنے نہیں دوں گا۔ اسی یقین دہانی کی وجہ سے میں اس سیڑھی سے چوتھی منزل سے نیچے اتر آئی۔

یہ سچن تھا جس نے نیتو میم کو یقین دلایا تھا کہ وہ سیڑھی پر قدم رکھ کر نیچے اترنا شروع کریں

 اپنی ویڈیو میں نیتو میم نے ان دونوں شاگردوں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ ہیں سچن اور صاحب۔ میرے لیے تو یہ دونوں خدا کی طرح ہیں۔ اکثر کہا جاتا ہے کہ خدا کس روپ میں مدد کے لیے آ جائے کوئی نہیں جانتا۔ میرے لیے خدا میرے طلبہ کی شکل میں آئے اور انہوں نے مجھے بچا لیا۔ میں یہی سمجھتی ہوں کہ شاید بچوں کو کامیاب بنا کر اور ان کے والدین کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو لا کر جو اچھے کام کیے تھے اسی کا صلہ مجھے ملا ہے۔

ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ میرے لیے سب سے بڑی بات یہ ہے کہ گھر دوبارہ بن جائے گا لیکن میری ماں اور میری بہن کو تم لوگوں نے محفوظ نکالا یہ سب سے اہم ہے۔ اس کے لیے بہت بہت شکریہ۔ صاحب تم تو پہلوانی کرتے ہو لیکن سچن ایک بات بتاؤ تم میں یہ ہمت کہاں سے آئی تم اوپر کیسے چڑھ گئے۔

 اس سوال کے جواب میں سچن کہتا ہے کہ سب سے پہلے میں کرنل راجی سر کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ سر آپ کی تعلیم نے مجھے یہاں تک پہنچایا۔ آپ ہی کی تربیت کی وجہ سے میں اس مشکل اور گھبراہٹ کے وقت میں بھی ہمت سے کام لے سکا اور اوپر چڑھ گیا۔ میں خاص طور پر آپ کا بہت شکر گزار ہوں۔

 اس کے بعد نیتو میم نے  کرنل راجی بہروان کا تعارف کرایا، ساتھ ہی کہا کہ میں بھی آپ کا خاص شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ جس طالب علم نے میری جان بچائی وہ آپ کا شاگرد ہے۔ اس نے آپ سے سیکھا کہ زندگی کیسے بچائی جاتی ہے اور مشکل حالات میں کیسے ڈٹ کر کھڑا رہتا ہے۔ بہت بہت شکریہ سر

اس رات کی کہانی 

 اتوار کی رات تقریباً نو بجے میرے گھر میں اچانک بہت خوفناک آگ لگ گئی۔ اس وقت میں چوتھی منزل پر کلاس لے رہی تھی اور میرا بیٹا دوسری منزل پر اپنے کمرے میں تھا۔ جب وہ باتھ روم سے واپس آیا تو اس کے کمرے میں ہر طرف گھنا کالا دھواں پھیلا ہوا تھا۔ اسی جگہ سے آگ بھڑکی اور دیکھتے ہی دیکھتے دوسری اور تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس کا دھواں چوتھی منزل تک پہنچ گیا۔ جب مجھے اس کا احساس ہوا تو میری چیخ نکل گئی اور میں صرف اپنے بیٹے کا نام پکارتی رہی۔

میں بالکنی میں آئی اور وہاں سے زور زور سے آواز لگائی کہ فائر بریگیڈ کو بلایا جائے۔ اس مشکل وقت میں میرے طلبہ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسری اور تیسری منزل تک پہنچ کر مجھے بچانے کی کوشش کی۔ میں ان سب کی دل سے شکر گزار ہوں۔ اپنے تمام پڑوسیوں کی بھی بے حد ممنون ہوں کیونکہ اس دن سب کے دروازے میرے لیے کھلے تھے اور سب نے خلوص کے ساتھ مجھے اپنے پاس آنے کی دعوت دی۔

میں خاص طور پر ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری بوڑھی ماں اور بہن کو اپنی گود میں اٹھا کر تیسری منزل سے بحفاظت باہر نکالا۔ ایک طالب علم نے مجھے چوتھی منزل سے سیڑھی کے ذریعے نیچے اتارا اور مسلسل حوصلہ دیتا رہا کہ میم آپ بس آ جائیں ہم آپ کو گرنے نہیں دیں گے۔ میں نے زندگی میں کبھی ایسی سیڑھی پر ایک منزل بھی نہیں چڑھی تھی مگر اسی کے ذریعے چوتھی منزل سے نیچے اتری۔

میرا بیٹا بھی دوسری منزل پر گرل سے لٹکا ہوا تھا اور پھر پائپ کے ذریعے نیچے آیا۔ پہلی منزل کے بعد جب وہ نیچے کودا تو ایک طالب علم نے اسے سنبھال لیا اور خود زخمی ہو گیا۔ میں اس کی بھی دل سے شکر گزار ہوں۔

میں آپ سب سے دل کی گہرائی سے کہنا چاہتی ہوں کہ میرے طلبہ اور میرے پڑوسیوں نے میری بہت مدد کی۔ اگر کبھی میں آپ کے کام آ سکوں تو خود کو خوش قسمت سمجھوں گی۔ ہمارے گھر کا بہت نقصان ہوا ہے اور آدھا گھر جل چکا ہے لیکن میں شکر گزار ہوں کہ میرا بیٹا اس کمرے سے زندہ نکل آیا جو مکمل طور پر جل کر خاک ہو گیا تھا۔ میری ماں اور بہن کو بھی بچوں نے محفوظ جگہ پر پہنچایا۔

میں سچ کہتی ہوں کہ آج میرا پورا خاندان صرف آپ سب کی وجہ سے محفوظ ہے۔ بہت سے لوگ پوچھ رہے ہیں کہ کیا ہوا اور کیسے ہوا تو میں اس ویڈیو کے ذریعے یہی بتانا چاہتی ہوں کہ واقعہ بہت برا تھا لیکن اس میں ایک اچھی بات یہ ہے کہ میں اور میرا پورا خاندان محفوظ ہیں۔ جب جان سلامت ہو تو سب کچھ دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ میں آپ سب کی بے حد شکر گزار ہوں۔ بہت شکریہ۔ اگر کبھی میری ضرورت ہو تو مجھے ضرور یاد کیجیے گا۔