تنوجا سانڈے
ہمارے گھر میں دیوالی کی تیاریاں اسکول کی چھٹیاں شروع ہونے سے پہلے ہی شروع ہوجاتی تھیں۔ اگرچہ ہمارے گھر میں دیوالی کے روایتی پکوان (فرال) تیار نہیں کیے جاتے تھے لیکن محلے کے لوگ اس بات کا خاص خیال رکھتے تھے کہ ہمارے گھر بھی فرال کے بڑے بڑے ڈبے پہنچیں۔ وہ تقریباً 3 کلو کے ڈبوں میں طرح طرح کے پکوان بھر کر ہمارے لیے لاتے تھے۔چھٹیاں شروع ہونے سے پہلے ہی ہم تمام چھوٹی لڑکیاں گروپ بنا کر پڑوسیوں کے گھروں میں جایا کرتی تھیں اور فرال تیار کرنے میں ان کی مدد کرتی تھیں۔
لکشمی پوجا اور پٹاخوں کی گونج
ہمارے لیے سب سے زیادہ مصروف دن ہمیشہ لکشمی پوجا کا ہوتا تھا۔ صبح 7 بجے سے ہی میں اپنے بہن بھائیوں اور محلے کے تمام بچوں کے ساتھ مل کر اپنے بڑے بہن بھائیوں کو باہر لے جانے کی ضد کرتی تھی تاکہ سب مل کر پٹاخے جلا سکیں۔ہم پولیس لائن میں رہتے تھے۔ ہمارے والد ڈیوٹی پر ہوتے تھے۔ کسی کی دن کی شفٹ ہوتی تھی تو کسی کی رات کی۔ یہی وجہ تھی کہ مجھے اپنے والد کے ساتھ دیوالی منانے کی یادیں بہت کم ہیں۔ لیکن ہمارے یہ پڑوسی ہی دراصل ہمارا حقیقی خاندان تھے۔

پڑوسیوں کا فرال اور میری رنگولی
دوپہر کے وقت محلے کی آنٹیاں فرال سے بھری پلیٹیں لے کر ہمارے گھر آتی تھیں۔ سچ تو یہ ہے کہ محلے کی ان آنٹیوں کی وجہ سے ہی ہمیں دیوالی کے پکوان کھانے کو ملتے تھے۔ایک دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ جن گھروں میں بیٹیاں نہیں تھیں وہاں دروازے کے باہر رنگولی بنانے کی ذمہ داری مجھے ہی سونپی جاتی تھی۔ہم شام 4 بجے سے ہی گھروں کے دروازوں کے باہر خوبصورت رنگولیاں بنانے کی تیاریاں شروع کردیتے تھے۔ اس کے بعد آنٹیاں ہماری بنائی ہوئی رنگولی کے سامنے مٹی کے دیے رکھ دیتی تھیں جس سے ان کی خوبصورتی مزید بڑھ جاتی تھی۔
ان دنوں کی یاد آج بھی ستاتی ہے
اگر آج کوئی مجھ سے پوچھے کہ دیوالی کی کوئی یادگار یاد سناؤ تو میرے ذہن میں بچپن کا یہی ناقابل فراموش تجربہ تازہ ہوجاتا ہے۔ ان یادوں میں بہت سی ایسی باتیں ہیں جو آج بھی مجھے یہ سوچنے پر مجبور کردیتی ہیں کہ آخر وہ دن کہاں چلے گئے۔سچ کہوں تو آج آپ سب کے ساتھ بچپن کی دیوالی کی یہ یادیں شیئر کرتے ہوئے مجھے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے۔