علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا ہے کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، قائدانہ صلاحیت، خود اعتمادی اور اجتماعی طور پر کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کی 150 سالہ کھیلوں کی تاریخ کو کتابی شکل میں محفوظ کرنا ایک اہم قدم ہے جس سے اس کی شاندار وراثت اور کامیابیاں آنے والی نسلوں تک پہنچیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے کانفرنس ہال میں کتاب ’علی گڑھ اسپورٹس کرانیکل‘ کی رسم اجراء کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں۔ پروفیسر ایف ایس شیرانی کی تحریر کردہ یہ کتاب یونیورسٹی کی ڈیڑھ سو سالہ کھیلوں کی تاریخ، نمایاں کامیابیوں اور یادگار واقعات کو محفوظ کرتی ہے۔
کتاب کا اجراء معروف اولمپین اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان پدم شری ڈاکٹر ظفر اقبال، وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور دیگر معزز شخصیات نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ہندوستانی ایتھلیٹکس ٹیم کے سابق کوچ اور نیشنل اسپورٹس انسٹی ٹیوٹ پٹیالہ کے سابق ڈین کمال علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، اے ایم یو گیمز کمیٹی کے سابق سکریٹری پروفیسر سید امجد علی رضوی اور یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر بھی موجود تھے۔
وائس چانسلر نے یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کی سہولیات میں توسیع اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ضروری تجاویز تیار کریں۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کتاب کے مصنف پروفیسر ایف ایس شیرانی اور گیمز کمیٹی کو اس اہم کام پر مبارک باد پیش کی۔
ڈاکٹر ظفر اقبال نے کتاب کو اے ایم یو کی ڈیڑھ صدی پر محیط محنت، جدوجہد اور کھیلوں کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی تاریخی دستاویز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں نئی نسل کو اپنی شاندار وراثت سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے نظم و ضبط، مسلسل مشق اور لگن ضروری ہے۔ اے ایم یو میں کھیلوں کی صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے بلکہ ضرورت انہیں بہتر مواقع اور مناسب رہنمائی فراہم کرنے کی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی رہنمائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا بھی یقین دلایا۔
1982 کے ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی ایتھلیٹکس ٹیم کے کوچ رہ چکے کمال علی نے اے ایم یو سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودہ کامیابیوں میں یونیورسٹی کا بنیادی کردار رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی درجنوں یونیورسٹیاں ان کی کوچنگ اور تجربے سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے اے ایم یو کے کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیلوں کی ترقی کے لیے بلا معاوضہ خدمات پیش کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مادر علمی کے لیے تعاون کرنا ان کے لیے باعث اعزاز ہوگا۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بھی کتاب کی ستائش کرتے ہوئے اسے یونیورسٹی کی کھیلوں کی وراثت محفوظ کرنے کی ایک تاریخی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش صرف یونیورسٹی کیمپس تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اسکولوں میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں کی شناخت کرکے انہیں مناسب تربیت فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی گیمز کمیٹی کو خصوصی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جا سکیں۔
اس سے قبل کتاب کے مصنف پروفیسر ایف ایس شیرانی نے پریزنٹیشن کے ذریعے اے ایم یو کی 150 سالہ کھیلوں کی تاریخ کے اہم واقعات، کامیابیوں، کھلاڑیوں کی جدوجہد اور کھیلوں سے وابستہ روایات پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے آغاز میں یونیورسٹی گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر یوسف الزماں خان اور جمخانہ کلب کی صدر پروفیسر عفت اصغر نے مہمانوں کا پودے پیش کرکے خیرمقدم کیا۔ آخر میں جمنازیم کلب کے صدر ڈاکٹر افتخار احمد انصاری نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ نظامت کے فرائض مظہر القمر نے انجام دیے۔
تقریب میں ڈاکٹر آصف خان، ڈاکٹر انس، ڈاکٹر شمشاد عالم، اسپورٹس کالج کے سابق پرنسپل آلِ حیدر، نواب حیدر علی خان اسد، ڈاکٹر احسان احمد، جگبیر سنگھ، ڈاکٹر یاسر عظیم، انیس الرحمن خان، پروفیسر انیس جہاں، ڈاکٹر معراج فریدی، ڈاکٹر سرفراز عالم اور پروفیسر جاوید علی خان سمیت یونیورسٹی کے اسپورٹس کوچز اور سابق کھلاڑیوں نے شرکت کی۔