بیونس آئرس:فٹبال کے لیجنڈ لیونل میسی نے ارجنٹینا کی جانب سے اپنے آخری بین الاقوامی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بینن کے خلاف 3-0 کی فتح میں ایک گول اور 2 اسسٹ کیے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ انتونیلا روکوزو نے شوہر کے لیے ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔میچ کے بعد انتونیلا نے انسٹاگرام پر میسی کو ملنے والی محبت اور عزت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ مقام اپنی شخصیت۔ عاجزی۔ ارجنٹینا کے لیے عزم اور مسلسل محنت سے حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میسی کے ساتھ اس سفر کا حصہ بننا ان کے لیے اعزاز ہے اور انہوں نے میسی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں بہت کچھ سکھایا۔انتونیلا نے اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ راتیں پوری زندگی کی عکاسی کرتی ہیں اور گزشتہ رات بھی ایسی ہی ایک رات تھی۔ میسی کو بے پناہ محبت میں گھرا دیکھنا اور لوگوں کو ان کا شکریہ ادا کرتے دیکھنا بہت خوبصورت تھا۔ انہوں نے کہا کہ میسی نے یہ محبت کمائی ہے اور اسے اپنی شخصیت۔ عاجزی۔ عزم اور ارجنٹینا کی شرٹ کے لیے ہمیشہ دیے گئے جذبے سے بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میسی کے ساتھ یہ سفر طے کرنا ان کے لیے ایک اعزاز رہا اور اپنی زندگی کے اتنے بڑے باب کو اس انداز میں مکمل کرتے دیکھنا انتہائی خوشی کا لمحہ ہے۔میسی کی الوداعی تقریب اور میچ سے قبل بھی کئی جذباتی لمحات دیکھنے کو ملے۔ ساتھی کھلاڑیوں۔ فٹبال لیجنڈز اور مداحوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ خود میسی بھی جذباتی نظر آئے۔
ارجنٹینا نے میسی کو ان کے شاندار کیریئر کے مطابق خراج تحسین پیش کیا۔ انہیں یونیورسٹی آف بیونس آئرس کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ دی گئی جبکہ ان کے کیریئر کے اہم لمحات پر مشتمل خصوصی ڈرون شو بھی پیش کیا گیا۔میچ میں پہلے ہاف کے دوران کوئی گول نہیں ہوا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد 48ویں منٹ میں میسی نے نیکولس اوتامندی کو پاس دے کر ارجنٹینا کا پہلا گول کروایا۔
میسی نے دوسرے گول میں بھی اہم کردار ادا کیا اور نیکو پاز کو شاندار پاس دیا جس پر انہوں نے خوبصورت انداز میں گیند کو جال میں پہنچا کر ارجنٹینا کی برتری 2-0 کردی۔اس کے بعد 39 سالہ میسی نے پنالٹی پر گول کرکے اسکور 3-0 کردیا اور اپنے شاندار بین الاقوامی کیریئر کے آخری میچ کو یادگار بنا دیا۔میچ کے اختتام پر میسی نے ارجنٹینا کے ساتھی کھلاڑیوں کو گلے لگایا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود مداحوں نے نعروں اور تالیوں کے ساتھ انہیں الوداع کہا۔ یہ جذباتی مناظر اس دور کے اختتام کی علامت بن گئے جس میں میسی نے بین الاقوامی سطح پر ارجنٹینا کی فٹبال کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔